- خیبر پختونخوا کی پہلی بین الاقوامی میگا لائیوسٹاک، زراعت اور ماہی پروری نمائش کا آغاز۔
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے بین الاقوامی لائیو اسٹاک ایکسپو کا افتتاح کیا۔ گورنر نے نمائش میں جانوروں، مچھلیوں کی افزائش نسل، ڈیری فارمنگ، خوراک، دیکھ بھال و بیماریوں سے بچاؤ کیلئے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔
نمائش میں ماہرین زراعت ،زرعی ترقی پسند کسان ، ڈیری اور لائیو اسٹاک فارمر، سرمایہ کار، تاجر،وفاقی اور صوبائی سرکاری افسران شریک تھے۔
گورنر کو ڈائریکٹر جنرل محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ فشریز کیجانب سے محکمانہ فرائض و کامیابیوں سے متعلق پریزینٹیشن بھی پیش کی گئی۔ گورنر نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ میں عالمی لائیوسٹاک ایکسپو کا انعقاد بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک زرعی ملک ہونے کے ساتھ بہترین اقسام کے جانوروں کی پیداوار بھی رکھتا ہے۔
جانوروں کی افزائش نسل، ڈیری فارمنگ کیلئے یہ ایکسپو انتہائی مفید ثابت ہو گا۔لائیو اسٹاک شعبہ کی ترقی کیلئے تحقیق لازمی جزو ہے۔لائیو اسٹاک میں تحقیق کو کمرشلائز کرنے سے خوراک کی کمی دور ہونے کے ساتھ روزگار کو فروغ حاصل ہو گا۔
گورنر ہاؤس ریسرچ کو کمرشلائز کرنے کیلئے زرعی یونیورسٹی سمیت تمام یونیورسٹیوں کی معاونت کر رہا ہے، زرعی اشیاء کی پیداوار بڑھانے کیلئے ایک کمیشن کی ضرورت ہے۔
زراعت و لائیوسٹاک پر خصوصی توجہ دینے سے خوراک و دودھ سمیت پروٹین کی کمی کا سامنا بھی نہیں رہے گا۔صوبہ میں قیمتی انواع و اقسام کے جانور اور مچھلیاں موجود ہیں اور ان نسل کا تحفظ محکمہ لائیوسٹاک کی اولین ذمہ داری ہے۔