صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جموں و کشمیر کے یوم الحاقِ پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری عوام جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی یاد منا رہے ہیں۔ آج ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد میں اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں ، صدر مملکت نےاپنے پیغام میں کہا۔
انھوں نے کہا کہ یہ دن 1947ء میں منظور کی گئی تاریخی قرارداد کی روشنی میں ریاستِ جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کو ایک حقیقت بنانے کیلئے منایا جاتا ہے۔ اورآج ہم بہادر کشمیری عوام کی تاریخی جہدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم دہراتے ہیں۔
قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم ، تفریق اور ناانصافی کے باوجود کشمیریوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اور ہم سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
پاکستان جموں و کشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے حق ِخودارادیت کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ عالمی برادری آرٹیکل 35 اے اور 370 معطل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو ختم کرائے کیونکہ بھارت نے غیرقانونی اور یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا۔
بھارت کے ڈومیسائل اور ملکیتی قوانین مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کیلئے تبدیل کیے گئے۔کشمیری ہندوتوا بھارتی حکومت کے ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی قراردادوں ، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے پرامن حل پر منحصر ہے۔