پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے اعلان کیا ہے کہ 6 جون 2025 کو ورلڈ سائیکلنگ ڈے ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ یہ فیصلہ یونین سائکلست انٹرنیشنل (UCI) کی جانب سے دی گئی دعوت کے تحت کیا گیا ہے، جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کمیونٹی کو اس دن کی مناسبت سے تقریبات کے انعقاد کی اپیل کی گئی ہے۔
پی سی ایف کے صدر سید اظہر علی شاہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام صوبائی یونٹس، کھیلوں کے کلبز، اور UCI و ACC سے منسلک اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خصوصی تقریبات منعقد کریں۔ ان تقریبات میں نوجوانوں کے لیے کیک کاٹنے، گروپ رائیڈز اور دیگر صحت مند سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
مزید برآں، ہر یونٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ “WORLD CYCLING DAY – June 6, 2025” کے بینرز آویزاں کریں جن پر متعلقہ ادارے اور پی سی ایف کا مونوگرام نمایاں ہو۔ گروپ تصاویر، ویڈیوز تیار کی جائیں اور سوشل میڈیا پر مؤثر انداز میں پیش کی جائیں۔ بعد ازاں یہ مواد فیڈریشن کو بھیجا جائے گا تاکہ اسے UCI کے ساتھ شیئر کیا جا سکے۔
فیڈریشن کی جانب سے عوام کو یہ پیغام دیا گیا ہے:
“آئیے ہم سب صحت، اتحاد اور سائیکلنگ کی خوشی کو مل کر منائیں”۔
یہ دن “Ride Together, Celebrate Together” کے نعرے کے ساتھ منایا جائے گا۔