جامعہ پشاور کے ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک، کمیونٹی سروس پروگرام اور کپیٹل سٹی پولیس پشاور کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں کی رو سے جامعہ پشاور کے طلباء و طالبات کو پشاور پولیس میں انٹرن شپ فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور جناب پروفیسر محمد ادریس، کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عباس احسن، ڈائریکٹر کمیونٹی سروس پروگرام جناب ڈاکٹر شکیل احمد، فوکل پرسن سوشل ورک جناب ڈاکٹر عمران احمد ساجد، رجسٹرار جامعہ پشاور، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی، اور دوسرے انتظامی اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔
جامعہ پشاور اور کپیٹل سٹی پولیس کے مابین طے پانے والا یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے وژن 2030 کے نکتہ نمبر 16 کے تحت عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد اداروں کو با مقصد، با آثر، شفاف اور جامع (انکلوسیو) بنانا ہے۔
وائس چانسلر جامعہ پشاور جناب پروفیسر محمد ادریس نے اس موقع پر کہا کہ پشاور پولیس کی طرف سے یہ اقدام انتہائی خوش آئند ہے کہ انہوں نے جامع پشاور کے ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک اور کمیونٹی سروس پروگرام کے تعاون سے طلباء اور پولیس کے درمیان تعلق کو مضبوط و مربوط بنانے کے لئے آج کے معاہدے کا نہ صرف ارادہ کیا بلکہ اس کے لئے عملی اقدامات بھی اٹھانا شروع کر دیئے ہیں۔
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عباس احسن نے اس موقع پر واضح کیا کہ صوبہ کے سب سے قدیمی درسگاہ ہونے کے ناطے یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء پاکستان کے ہر ادارے میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ پشاور کے طلباء و اساتذہ کے ساتھ رابطہ کاری کے بدولت پولیس کے نظام و مزاج میں مزید بہتری کی کافی امید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کی رو سے سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کے بعد طلباء سوسائٹیز اور سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کے طلباء کو بھی شامل کیا جائے گا جس سے پولیس اور عوام کے مابین خلیج کو مزید کم کرنے میں مدد ملے گی اور طلباء پولیسنگ کے حوالے سے آگاہی حاصل کر سکیں گے۔
سی سی پی او عباس احسن نے واضح کیا کہ اس پروگرام سے پولیس اور کمیونٹی کے مابین حائل خلیج کو مزید کم کیا جا سکے گا، انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کے تیس طلباء کو انٹرشپ فراہم کی جائے گی۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ایم او یو کا بنیادی مقصد کمیونٹی کو انگیج کرنا ہے جس سے پولیسنگ سمیت کمیونٹی ریلیشن اور پولیس کے جنرل پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی، انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کہ طلباء تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل کو سنیں اور تجاویز دیں جس سے شہریوں کے مسائل کو زیادہ بہتر انداز میں حل کرنے میں مدد ملے گی۔
سی سی پی او عباس احسن نے کہا کہ طلباء خصوصی پروگرام کے تحت ریسرچ کر سکیں گے اور درپیش مسائل کا بہترین حل تجویز کر سکیں گے جس سے جنرل کمیونٹی کو فائدہ ملے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگلے مرحلے میں سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ساتھ سٹوڈنٹ سوسائٹیز، سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کے طلباء کو بھی شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ انٹرن شپ پروگرام کے تحت طلباء و طالبات چھ ہفتے تک مختلف تھانوں میں کام کریں گے جبکہ یہ معاہدہ تین سال کے لئے کیا گیا ہے۔