آل پاکستان انٹر ورسٹی والی بال چیمپئن شپ سنٹر پنجاب نے جیت لی

پشاور: ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام پشاور میں جاری انٹر یونیورسٹیز والی بال چیمپئن شپ کا فائنل راؤنڈ مکمل ہوگیا جس میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب نے فائنل میں پشاور یونیورسٹی کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا پشاور یونیورسٹی کی ٹیم رنر اپ رہی‘ یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب نے فائنل میں پشاور یونیورسٹی کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پچیس اکیس‘ پچیس بائیس اور پچیس انیس سے ٹرافی جیتی.

تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے سرگودھا یونیورسٹی کو ایک کے مقابلے میں تین سیٹس سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی‘ اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن داؤد خان‘ پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس‘ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم‘زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بخت جہان‘ سوات یونیورسٹی کے وائس چانسلر حسن شیر‘ ڈائریکٹر فاصلاتی نظام تعلیم نورزادہ‘ یحییٰ خان‘ہدایت اللہ‘ رحیم خان‘ عبدالرشید انور آفیشلز اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن داؤد خان اور دیگر مہمانوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے.

اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن داؤد خان نے اپنے خطاب میں بہترین مقابلوں کی میزبانی پر وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس‘ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہترین مقابلے منعقد ہوئے کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں اور کھلاڑیوں نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مقابلہ کیا آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ ہر تعلیمی ادارے کو صرف تعلیمی ہی نہیں بلکہ اس کیساتھ کھیلوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیاں بھی کروانی چاہئیں کیونکہ اس سے ٹیلنٹ سامنے آتا ہے اور کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع ملتے ہیں ان میں سے بہترین کھلاڑی نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کانام روشن کرتے ہیں۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket