خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پیر کو اسلام آباد میں صوبے کی دو بہترین خواتین کھلاڑیوں، ثمر خان اور کرشمہ علی نے ملاقات کی۔ملاقات میں خواتین کو علاقائی سطح پر کھیلوں میں درپیش مختلف چیلنجز اور کھیلوں میں ترقی کی ضروریات پر بات چیت کی گئی واضح رہے کہ ثمر خان عالمی سطح پر ایکسٹریم اسپورٹس میں پیشہ ورانہ انداز اور قراقرم ہائی وے اور بیافو گلیشر پر سائیکل چلانے والی پہلی خاتون کی طور پر شہرت کی حامل ہیں جبکہ کرشمہ علی فٹبال کی ایک محنتی کھلاڑی ہیں جنہوں نے چترال سے پاکستان کو قومی اور بین الاقوامی فٹبال ایونٹس میں نمائندگی دینے والی پہلی خاتون کا اعزاز رکھتی ہیں ۔ دونوں کھلاڑیوں نے گورنر خیبرپختونخوا کو خواتین کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات اور سرپرستی کی صورت میں ملنے والی پزیرائی کے حوالہ سے بریفنگ دی ۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے دونوں کھلاڑیوں کو اپنی بے لوث حمایت اور خیبر پختونخوا میں تمام اسپورٹس مین اور اسپورٹس وومنز کے سفیر بننے کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے صوبے میں موجودہ انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی میں حائل ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنے میں مکمل حمایت کی یقین دھانی کرائی جو خواتین کی کھیلوں میں شرکت کو روکنے کا باعث بنتی ہیں انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ پشاور کے موقع پر صوبہ کے باصلاحیت کھلاڑیوں میں سے ایک نمائندہ وفد کی ملاقات کرائی گئی جسکا مقصد کھیلوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی تھا انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مثبت تصور کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اضلاع کی سطح پر خواتین کے لیے اسپورٹس فیسلیٹیز اور مواقع کو بہتر بنانے کے قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں گے ، خواتین کھلاڑیوں نے گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے حوالہ سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔