اس مٹی کے سپوت

اس مٹی کے سپوت
عقیل یوسفزئی

پشاور کے نواحی گاؤں نویکلے (نواں کلی) سے تعلق رکھنے والے کم عمر کھلاڑی حمزہ خان نے 37 سال بعدعالمی جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیت کر جہاں اس شہر اور پورے ملک کو طویل انتظار کے بعد سکواش کی ٹرافی واپس دلوائی وہاں یہ بھی ثابت کیا کہ ہمارے نوجوان کسی بھی شعبے میں کسی سے کم نہیں ہے اور اگران کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی جائے تو وہ کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں.
حمزہ خان پاک آرمی کی سکواش ٹیم کا حصہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس تاریخی اور غیر متوقع کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان آرمی کی جانب سے دی گئی سہولیات، ٹریننگ اور بھرپور سرپرستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کا نام روشن کرنے کے لئے اپنی محنت جاری رکھیں گے. انہوں نے فاینل میں مصر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ذکریا کو شکست دی.
سکواش کے سابق ورلڈ چیمپینز جناب جہانگیر خان اور جان شیر خان نے اس فتح کو حمزہ خان کی بے پناہ محنت اور ٹیلنٹ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں پشاور اور پاکستان کو مذید کامیابیاں دلوانے میں کامیاب ہوگا.
سکواش کے کھلاڑیوں اور عوامی حلقوں نے اس بات پر بہت خوشی کا اظہار کیا ہے کہ نویکلے اور پشاور کو سکواش کی کامیابیوں کے حوالے سے سے جو عالمی شہرت حاصل رہی ہے وہ اعزاز بہت جلد اگلے مرحلے میں حمزہ خان کی مزید کامیابیوں کی شکل انہیں پھر سے مل جائے گا.
یہ بہت خوشگوار اتفاق ہے کہ اسی روز پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے پشاور ہی سے تعلق رکھنے والے محمد حارث کی قیادت میں بھارت سے ایمرجنگ ایشیا کپ کا فائنل جیت لیا یوں ایک ہی روز پاکستان کو سپورٹس کے میدان میں دو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں.
دونوں چیمپینز کی ان کامیابیوں پر پورے ملک میں خوشی کا اظہار کیا گیا تاہم شورش زدہ پشاور کے شہریوں خصوصاً نوجوانوں کی خوشی دیدنی رہی. ایک اور خوشگوار حیرت کی بات یہ رہی کہ دونوں چیمپئنز معاشرے کے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ہیں. یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو نہ صرف یہ کہ قدرت نے بے پناہ ٹیلنٹ اور خوداعتمادی سے نوازا ہے بلکہ وہ اس گہماگہمی اور مایوسی کے دور میں منفی سرگرمیوں کی بجائے سپورٹس سمیت دوسرے شعبوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ملک کا نام روشن کرنے کا عزم بھی رکھتے ہیں.

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket