وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کے خرلاچی اور بوڑکی کے مقام پر کرم بارڈر کی مسلسل خلاف ورزی، جارحيت اورشہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شديد مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کيا ہے۔انہوں نے اپنے ردعمل ميں کہا ہے کہ کرم کی عوام اور پاک فوج اپنی سرزمين کی حفاظت اور کسی بھی جارحيت کا منہ توڑ جواب دينا اچھی طرح جانتے ہيں۔
ساجد حسين طوری نے کہا کہ جارحيت اور جنگ کسی مسئلے کا حل نہيں اور پاکستان ہميشہ افغانستان اور ديگر ہمسايہ ممالک کے ساتھ تمام مسائل بات چيت کے ذريعے حل کرنا چاہتا ہے اور اچھے تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان برادر ملک ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ تمام حل طلب مسائل سفارتی ذرائع اور بات چیت کے ذریعے حل ہوں۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ سرحد کے دونوں پار رہنے والے لوگوں کے درمیان زمینی تنازعات کو دو طرفہ جرگہ اور سفارتی ذرائع کے ذریعے حل کیا جائے.