چارسدہ : باچاخان یونیورسٹی چارسدہ میں تعلیمی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے سپورٹس گالاکا آغازہوگیا،کھیلوں کے اس میلے میں کرکٹ،والی بال،رسہ کشی،اتھلیٹکس،بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس،تھروبال اور فٹ بال کے مقابلے کھیلے جارہے ہیں جن میں یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کے طلباء وطالبات بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرینگے،گیمزمیں شریک کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا،بچوں نے جمناسٹک کا بہترین فن کا مظاہرہ کیاجبکہ طلبہ نے روایتی خٹک ڈانس بھی پیش کی۔یونیورسٹی کے گراؤنڈ میں منعقدہ ایک رنگارنگ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون فضل شکورتھے انکے ہمراہ باچاخا ن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد،ڈین فیکلٹی آف آرٹس، ڈین فیکلٹی آف سائنس،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس شبانہ خٹک،ڈی ایس اوتحسین اللہ سمیت مختلف ڈیپارٹمنٹس کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے جنہوں نے فیتہ کاٹ کر باقاعدہ گالاکا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون فضل شکور خان نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیوں سمیت کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کاانعقاد خوش آئندہ ہے کیونکہ اس سے نوجوان نسل ذہنی اور جسمانی طور تندرست رہتے ہیں بلکہ ان میں ہار جیت کو برداشت کرنے کاحوصلہ پیداہوتاہے انہوں نے کہاکہ دنیامیں تعلیم اور شعبہ کھیل پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے کیونکہ یہ دو ایسے شعبے ہیں جس سے نوجوان نسل میں شعور وآگاہی پیداہوتی ہے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل مددگار ثابت ہوتاہے،انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل ہمارے کل کے بہتر مستقبل ہیں انکی رہنمائی کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے اس عزم کا اظہارکیاکہ انشاء اللہ وہ باچاخان یونیورسٹی کے استعدادکار کو مزید بہتر بنانے اور یہاں پر مختلف مشکلات کے حل کیلئے اپنی بھر پور صلاحیتوں کوبروئے کار لائینگے۔
صو بائی وزیر نے وائس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد کا یونیورسٹی کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوششوں کو سراہا۔انہوں نے بتایاکہ اس پروگرام کا مقصد یہی ہے کہ طلبہ کو نصابی سرگرمیوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی فراہم کی جائیں تاکہ اس مقصد کو حاصل کیا جا سکیں،کیونکہ یونیورسٹی آنے کا مقصد صرف تعلیم نہیں بلکہ طالب علم کے کردار سازی اور شخصیت سازی بھی ہمارے مقاصد میں شامل ہے اس کو پروان چڑھانے کے لئے اس سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا ہے اور یہ آٹھ دن جاری رہے گا جس میں آپ سب کی صلاحیتوں کا امتحان ہو گا۔انہوں نے کھلاڑیوں کو مخاطب ہوکرکہاکہ ٓاپ سب کو ٹیم سپیرٹ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے سے فارغ ہونے کے بعد ایک سفیر کی حیثیت سے اس ادارے کا نام روشن کریں اور آپ کو ساتھ ساتھ یہ بھی خوش خبری سناؤں کہ ہمار ے مین کیمپس کی 800کنال اراضی کا قبضہ حاصل کیا اس پر چار دیواری کا کام مکمل ہوچکا ہے اور اکیڈمک بلاکس کی تعمیر پر دو دن پہلے کام کا آغاز ہو چکا ہے اور ان شا ء اللہ ایک سال کے اندر کچھ عمارات مکمل ہوکر ہم وہاں کچھ ڈیپارٹمنٹس منتقل کردیں۔وہاں پر کھیل کے میدان بھی بنا ئے جائیں گے، وہاں پر جمنا زئیم کے لئے عمارت کی تعمیر پر کام شروع ہو چکا ہے، ان شاء اللہ نئے کیمپس میں بھی آپ کو سپورٹس کی تمام تر سہولیات میسر ہوں گی۔