میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے منتخب بلدیاتی نمائندوں ، ویلیج و نیبر ہوڈ کونسلوں کے چیئر مینوں نے خیبر پختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مزید تاخیر کئے بغیر بلدیاتی نمائندوں اور چئیر مینوں کو فندذ جاری کرے تاکہ یہ لوگ اپنی عوام اور علاقے کی خدمت شروع کر سکیں ۔ یہ مطالبہ گزشتہ روز ویلیج کونسل خدی کے منتخب چئیر مین ملک کمال شاہ داوڑ کے حجرے میں منعقدہ ایک اجلاس کے بعد سامنے ایا جس میں میرعلی ، میرانشاہ اور رزمک سب ڈویژنز کے تمام کونسلروں ، ویلیج اور نیبر ہوڈ کے منتخب چیئر مینوں نے بھرپور شرکت کی ۔
اجلاس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے یکساں شرکت کی ۔ اجلاس کے بعد ملک کمال شاہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات ہوئے دس ماہ گزر گئے ہیں لیکن منتخب بلدیا تی نمائندے ابھی تک بیکار بیٹھے ہوئے ہیں اور خیبر پختونخوا کی حکومت نے ابھی تک نہ تو انہیں اختیارات منتقل کئے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کے فنڈز جاری کئے ہیں جو کہ تحریک انصاف کے نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کے اپنے ہی وعدے کی نفی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایک ماہ کے اندر اندر ان کے مطالبات کو عملی شکل نہ دی گئی تو شمالی و جنوبی وزیرستان کے تمام بلدیا تی نمائندے پشاور میں احتجاج کا پروگرام بنائینگے ۔
لنڈی کوتل :ضلع خیبر لنڈیکوتل تحصیل کمپاؤنڈ میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے چئیرمین کونسلرز. نے صوبائی حکومت کی طرف سے فنڈز اور دیگر اختیارات نہ ملنے پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
لنڈی کوتل تحصیل کمپاؤنڈ میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے چئیرمین کونسلرز کی احتجاجی ریلی ٹی ایم دفتر سے شروع ہوکر لیویز سنٹر گیٹ تک گئی اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی.
احتجاجی ریلی کے شرکاء سے لنڈی کوتل تحصیل کے چیئرمین شاہ خالد شینواری اور دیگر مشران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود ابھی تک صوبائی حکومت کی طرف سے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے چئیرمین کونسلرز کو نہ فنڈز مل سکی نہ دفتر اور نہ ہی کسی قسم کے اختیارات ملے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق بلدیاتی نظام کو بحال کیا جائے اور تحصیل کی سطح پر چئرمین اور دیگر کونسلرز کو اختیارات اور فنڈز اور دفتر اور مراعات فراہم کی جائیں تاکہ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں اور دیگر کام کے لئے عوام کی بہتر خدمت کی جاسکے. تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری نے کہا کہ 24 نومبر کو تمام چیرمین اورکونسلرز اور دیگر مکاتب فکر کے لوگ صوبائی حکومت کے خلاف پشاور میں احتجاجی دھرنا دیں گے جوکہ مطالبات تسلیم ہونے تک جاری رہے گا. لنڈی کوتل چئرمین اور کونسلرز کے احتجاجی ریلی میں جماعت اسلامی کے سینئر رہنماء سید مقتدر شاہ آفریدی. زرنور آفریدی مرادحسین آفریدی اور دیگر مشران اور عوام بھی موجود تھے. لنڈی کوتل تحصیل کے چئیرمین شاہ خالد شینواری اور دیگر چئیرمین اور کونسلرز نے اپنے مطالبات اور یاداشت اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل ارشاد علی مہمند کو پیش کیَ۔