بنوں آپریشن کے دوران 25 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے

بنوں آپریشن کے دوران 25 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے

راولپنڈی – ترجمان پاک فوج کے مطابق بنوں آپریشن کے دوران 25 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری نےبنوں سی ٹی ڈی کمپاونڈ آپریشن کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کمپاونڈ پر باہر سے حملہ نہیں ہوا، دہشت گردوں نے فرار کی کوشش کی جسے ناکام بنایا گیا، 7 دہشت گرد گرفتار ہوئے۔

دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 25 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ 2 سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران 3 افسران سمیت 10 جوان زخمی جبکہ سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار شہید ہوئے۔

میجر جنرل احمد شریف نے مزید بتایا کہ دہشتگرد افغانستان جانے کیلئے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے ،انکے مطالبات کو رد کر دیئے گئے جس کے بعد دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

48 گھنٹوں کے تک کوشش کی گئی کہ دہشتگرد سرنڈر کردیں، دہشتگرد ہتھیار ڈالنے کیلئے تیار نہیں تھے، منگل کی صبح فوج نے آپریشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن پاک فوج کی بہادری اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، ملک میں کسی دہشتگرد گروپ کو فعال نہیں ہونے دیں گے، شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو بڑھاتی ہیں، مغرب کی طرف سے دہشتگردی کی ہوا کو برداشت نہیں کیا جائے گا، دہشتگردی کے خلاف کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنوں کی صورتحال کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں، جہاں دن ساڑھے 12 بجے بنوں میں ایس ایس جی کمانڈوز آپریشن کا آغاز ہوا، یہ آپریشن دن ڈھائی بجے مکمل کر لیا گیا، آپریشن میں تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا. اس آپریشن کے دوران تقریباً 15 ایس ایس جی کمانڈوز زخمی ہوئے اور 2 شہادتیں ہوئیں۔
دہشت گردوں سے 2 روز تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا تاہم مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے بعد عمارت میں آپریشن کی ذمہ داری سکیورٹی فورسز کو دی گئی۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket