بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا: پی ڈی اے کا کہنا ہے کہ بھارت نے پانی اُجھ بیراج سے چھوڑا ہے
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بھارت نے ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی دریائے راوی میں چھوڑا ہے۔ دریائے راوی سے منسلک اضلاع کی انتظامیہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے۔
بھارت کے چھوڑے گئے پانی کا تقریباً ایک تہائی یعنی 60 ہزار کیوسک جسڑ تک پہنچا تھا، پانی کی آمد کی وجہ سے دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ پر پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا تھا، تقریباً 65 ہزار کیوسک پانی اگلے 20 سے 24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جسڑ کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے، متعلقہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں کی مانیٹرنگ کر رہی ہے، دریائے چناب پر مرالہ ہیڈورکس اور دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر مانیٹرنگ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کا کہنا ہے کہ دریائے راوی میں بھارت سے آنے والا ریلہ آج شام جسڑ پہنچے گا، جسڑ کے مقام پر ڈھائی لاکھ کیوسک کا ریلہ گزر سکتا ہے، دریائے راوی اور معاون برساتی نالوں پر 9 فلڈ ریلیف کیمپ قائم ہیں۔