وانا :ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ضلع لوئر جنوبی وزیرستان میں محکمہ امور نوجوانان، ڈسٹرکٹ یوتھ آفس ساؤتھ وزیرستان کی جانب سے ڈوگ سٹوڈنٹس سوسائٹی نے تعلیم کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ تعلیمی آگاہی سیمینار ایمپریل پبلک سکول ڈوگ میں منعقد ہوا۔
سیمینار کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر جنوبی وزیرستان سردار علی وزیر تھے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نور اللہ وزیر، معروف عالم دین مولانا نیک محمد وزیر بھی انکے ہمراہ تھے۔ سیمینار میں قبائلی عمائدین، علماء کرام، سیاسی وسماجی شخصیات، طلباء و طالبات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر سردار علی وزیر نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں خوشگوار ماحول لانے کیلئے ہم سب کو مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ترقی یافتہ ملک بنانا ہے تو وہ علم حاصل کرنے سے بنتا ہے، کیونکہ تعلیم یافتہ شخص کو کوئی غلط راستہ پر نہیں دھکیل سکتا، حالانکہ تعلیم زندگی کا ایک بہترین ہُنر ہے انسان بہتر تعلیم حاصل کرنے سے اچھائی اور بُرائی کی تمیز کرسکتا ہے، تاہم معیاری تعلیم کیلئے پہلی شرط محنت ہے۔
ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر نے کہا کہ نظام تعلیم کی بہتری کیلئے مشترکہ کوششیں بہتر سود مند ثابت ہوسکتی ہے، انہوں نے ڈوگ سٹوڈنٹس سوسائٹی کو یقین دلایا کہ تعلیم آگاہی مہم کیلئے ڈسٹرکٹ یوتھ آفس آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، اور کھڑا رہے گی،
سیمینار کو اس نکتہ پر سمیٹا گیا، کہ معاشرہ معیاری تعلیم کے حصول سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے، اور اس کیلئے سب ملکر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے سیمینار سے سپیریئر سٹی ماڈل سکول کے پرنسپل زیرمحمد وزیر اور زُبیر کے کے وزیر ودیگر اہم شخصیات نے خطاب کیا اور تعلیم کی اہمیت اور بچوں کے روشن مستقبل پر روشنی ڈالی، سیمینار سے ڈوگ سٹوڈنٹس سوسائٹی کے چیئرمین زاہد وزیر نے کہا، کہ ہمارا مقصد تعلیم وتربیت ہے، معیاری تعلیم کے حصول کیلئے ہم سب کو لگن سے کام کرنا ہوگا۔
نجی سکول کے پرنسپل ہمایون وزیر نے کہا کہ علاقے میں نجی سکولز کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، نجی سکولوں نے تعلیم کے میدان میں ایک مثبت اور مثالی تبدیلی لائی ہے۔
معروف عالم دین مولانا نیک محمد وزیر نے کہا کہ قرآنی و عصری علوم لازم و ملزوم ہے، جس سے دنیا و آخرت دونوں سنوار جاتے ہیں، لہذا معیاری علم و تعلیم کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،
مقررین نے یہ بھی کہا کہ بہتر ماحول اور تربیت نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بچے پڑھائی پر توجہ نہیں دے رہے، لہذا اپنے بچے اور بچیوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہوگا تب اچھی تعلیم حاصل کرنا ممکن ہوگی اور معیاری تعلیم حاصل کرسکیں گے۔