محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نےرواں مالی سال کے دوران بندوبستی اضلاع میں مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصووبوں کےلئے مختص اور خرچ کئے گئے فنڈز کی تفصیلات جاری کردیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بندوبستی اضلاع کے کُل جاری کردہ اے ڈی پی کا 77فیصد حصہ خرچ کیاگیا ہے ۔ 19 محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کےلیے 165 ارب روپے مختص کیے گئے تھے ۔
دی گئی معلومات کے مطابق محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے مختلف ترقیاتی سکیموں کیلئے 19 محکموں کو 156 ارب روپے جاری کیے ۔ جاری کردہ فنڈز میں سے 30 مئی تک 120ارب روپے خرچ کیے گئے ۔ ابتدائی وثانوی تعلیم کےلیے 10ارب 87کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے ۔ محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم اب تک 5 ارب 94کروڑ یعنی 59 فیصد بجٹ خرچ کرسکا۔
اسی طرح شعبہ صحت کے لیے 16ارب 62کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے جس میں محکمے نے 12ارب روپے خرچ کرکے 71فیصد ترقیاتی بجٹ استعمال کیا ہے جبکہ لوکل گورنمنٹ کے ترقیاتی بجٹ کےلئے 21ارب 34کروڑ روپے مختص تھے اور بلدیات نے جاری کردہ فنڈز کا 78 فیصد حصہ خرچ کرکے 18ارب 52کروڑ روپے استعمال کئے ہیں ۔
اعداد و شمار کے مطابق شعبہ صنعت کے لیے 1ارب 80کروڑ روپے مختص کیے گیے تھے ۔ صنعت کےلئے جاری 1ارب 73کروڑ میں سے 1ارب61کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ضم شدہ اضلاع میں جاری اے آئی پی اور اے ڈی سکیموں کی تفاصیل اس اعداد و شمار کا حصہ نہیں۔