خیبرپختونخوا حکومت کا ای-گورننس کی جانب اک اور قدم
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی دارلحکومت پشاور میں ای-اسٹامپ پیپر کا اجراء۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے آج باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر انتظامی افسران، ریونیو افسران اور نیشنل بینک کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ای-اسٹامپ پیپر کے اجراء سے پرانی تاریخوں میں سٹامپ پیپر کا اجراء بند ہو جائے گا اور جائیداد کی خرید وفروخت کے تنازعات کاتدارک ممکن ہوگا جس سے جائیداد کی صحیح قیمت کے تعین کے ساتھ جعل سازی و دھوکہ دہی کا خاتمہ بھی ممکن ہو گا۔اور ہر ایک ای۔سٹامپ پیپر کو ایک یونیک بار کوڈ دیا جائے گا جس سے اس ای سٹامپ پیپر کی آن لائن تصدیق کی جا سکے گی۔
انھوں نے کہا کہ پرانے مینول سٹامپ پیپر سے ای۔سٹامپ پیپر ایک انقلابی اقدام ہے اور اس سے عوام کو سہولیات میسر ہو سکیں گی اور عوام خود ہی ویب سائیٹ پر جا کر ای۔سٹامپ پیپر کی وصولی کا فارم پر کر کے آسانی سے ای۔سٹامپ پیپر حاصل کر سکے گی۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو ان کے دہلیز پر خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور ضلع پشاور کے عوام ای سٹامپ ویب سائٹ www.estamp.kp.gov.pk سے حاصل کر سکتے ہیں۔