خیبر پختونخوا حکومت نے 2 سے 9 دسمبر 2024 تک اینٹی کرپشن ہفتہ منانے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ اس مہم کے دوران خیبر پختونخوا اور ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع، بشمول ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان اپر ،لوئر اور کولئی پالس، تورغر اور بٹگرام میں مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ کرپشن کسی بھی معاشرے کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔ہفتے بھر کی سرگرمیوں میں عوامی آگاہی مہمات، تعلیمی اداروں میں مباحثے، سیمینارز، ورکشاپس، اور ریلیاں شامل ہیں جو کرپشن کے نقصانات اور شفافیت کی اہمیت کو اجاگر کریں گی اور اس سلسلے میں آن لائن پورٹل اور ہیلپ لائن کو فعال کیا گیا ہے۔ ہزارہ ڈویژن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کرپشن سے متعلق شکایات کا فوری جائزہ لیں گی اور ضروری کارروائی کریں گی۔حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو کرپشن کے خلاف بیدار کرنے کے لیے تقریری مقابلے اور مباحثے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ عوامی شرکت کے لیے واکس اور ریلیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر بھی اینٹی کرپشن مہم کے ذریعے عوام کو متحرک کیا جائے گا تاکہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کا پیغام ہر طبقے تک پہنچایا جا سکے۔اینٹی کرپشن ہفتہ خیبر پختونخوا اور ہزارہ ڈویژن میں کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت کی جانب سے ایک بڑا قدم ہے۔ اس مہم کا مقصد عوامی شعور اجاگر کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور ادارہ جاتی اصلاحات کو یقینی بنانا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے عوام اور حکومت کا مل کر کام کرنا ضروری ہے تاکہ خیبر پختونخوا کو شفافیت اور احتساب کا مثالی خطہ بنایا جا سکے۔