Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, September 19, 2025

دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتی خاندانوں کے لیے مالی معاونت کا فیصلہ

محکمہ اوقاف و مذہبی امور خیبرپختونخوا نے دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتی خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدام اٹھا لیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 2013 سے اب تک متاثر ہونے والے اقلیتی خاندانوں کا مکمل ڈیٹا 10 دن کے اندر فراہم کریں۔ محکمہ اوقاف کی جانب سے جاری خط کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے کے مختلف اضلاع میں متاثرہ خاندانوں کے حوالے سے جامع معلومات اکٹھی کرنا ہے تاکہ انہیں مالی معاونت فراہم کرنے کا عمل مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے فوکل پرسن برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ امکان ہے کہ ستمبر کے اختتام تک وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی معاونت کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ بالخصوص آل سینٹ چرچ پشاور کے شہداء اور متاثرین پر مرکوز ہے۔ وزیر زادہ کے مطابق “دہشت گردی کے متاثرین کی بحالی کا ایکٹ 2020 میں منظور ہوا تھا اور 2021 میں قواعد نافذ کیے گئے تھے، لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے اور طویل عرصہ قائم رہنے والی نگران حکومت کے دوران یہ عمل معطل اور نظرانداز رہا۔” وزیر زادہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اس عمل کو دوبارہ فعال کر دیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ان کے حق کا ریلیف فراہم کرنے کی سنجیدہ کوشش شروع کر دی ہے۔

دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتی خاندانوں کے لیے مالی معاونت کا فیصلہ

Shopping Basket