ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی محکمہ صحت خیبر کے تعاون سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پروستیٹھک اینڈ آرتھوٹکس خیبر پختونخواہ (PIPOS) کی جانب سے دورافتادہ علاقے بازار زخہ خیل میں جسمانی معذور/خصوصی افراد کے لئے مصنوعی اعضاء کی تقسیم کیلئے تقریب کا انعقاد ٹائپ ڈی ہسپتال بازار زخہ خیل میں کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، ضلعی پولیس سربراہ سلیم عباس کلاچی، ونگ کمانڈر 105 ونگ خیبر رائفل لیفٹنینٹ کرنل یوسف، ضلعی سربراہ محکمہ صحت ڈاکٹر ظفر علی خان، اسسٹنٹ کمشنر لنڈیکوتل ارشاد علی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لنڈیکوتل رمیز علی شاہ، ایڈمنسٹریشن پی پوس ارگنائزیشن، انچارج ٹائپ ڈی ہسپتال بازار زخہ خیل اور امن تنظیم کے عہدیداران اور علاقائی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں پی پوس ارگنائزیشن کی جانب سے بازار زخہ خیل کے جسمانی معذور/خصوصی افراد کے لیے وہیل چئیر اور مصنوعی اعضاء فراہم کردئیے گئے ہیں جبکہ دیگر خصوصی افراد کو سرجری کے لئے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا جائیگا جہاں پی پوس ارگنائزیشن کی جانب سے مکمل بحالی کے لئے علاج معالجہ کیا جائیگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہمیں انتہائی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ دورافتادہ علاقے بازار زخہ خیل میں یہاں کے خصوصی افراد کے لئے ہمارے توسط سے محکمہ صحت خیبر کی زیرنگرانی یہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ یقینا پی پوس ارگنائزیشن پاکستان بھر میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں جو کہ بہت خوش آئند بات ہے۔ علاقہ کے مشران کو اپیل کی کہ محکمہ صحت اور پولیو ٹیموں سے انسداد پولیو مہم میں تعاون کرکے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ آپ کے بچے کل کو ایسے مستقل معذوری سے بچ سکیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر خیبر اور ضلعی پولیس سربراہ نے تحصیل انتظامیہ لنڈیکوتل، محکمہ صحت خیبر اور پی پوس آرگنائزیشن کے شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کئے اور اس امر کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں لنڈیکوتل کے علاوہ ضلع خیبر کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے ہی خصوصی افراد کیلئے مصنوعی اعضاء اور وہیل چئیر فراہم کرینگے تاکہ وہ خصوصی افراد بھی مستفید ہوسکیں۔