واپڈا حکام نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ پشاور کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے اور ہفتہ میں دو روز لوڈ شیڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سمال انڈسٹریز اسٹیٹ ایسوسی ایشن پشاور کے ایک وفد نے گزشتہ روز صدر وحید عارف اعوان کی صدارت میں واپڈا حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے لوڈشیڈنگ کے نقصان سے آگاہ کیا اور کہا کہ یومیہ لوڈشیڈنگ سے مشینیں رک جاتی ہیں، پروڈکشن نہیں ہوتی اس لیے مزدور بھی فارغ ہیں جس سے بےروزگاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ صدر وحید عارف اعوان نے واپڈا حکام کو مزید بتایا کہ آج کا صنعت کار ٹیکسوں کی وجہ سے پریشان ہے۔ اوپر سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی رہی سہی کسر پوری کر رہی ہے۔ کارخانوں سے ہماری معیشت کا پہیہ چلتا ہے اس لیے سمال انڈسٹریز اسٹیٹ کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ واپڈا حکام نے مقامی صنعت کاروں کے اس موقف کی تائید کرتے ہوئے سمال انڈسٹریز اسٹیٹ پشاور کو ہفتہ میں 5 روز بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔