سوات: میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوںميں برف باری کا سلسلہ شروع
بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مینگورہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 5 زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری سنٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
کالام میں 2، بحرین، مدین میں 4 مہوڈنڈ میں 1 جبکہ ملم جبہ میں 2 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔
بارش اور برفباری کے بعد گرم ملبوسات اور گرم خوراکی اشیاء کی مانگ میں اضافہ بھی دیکھا جارہا ہے۔ آئندہ تین روز تک میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شانگلہ، گزشتہ رات سے شانگلہ کے بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری جب کہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
شانگلہ ٹاپ، یختنگی ٹاپ ، اجمیر ٹاپ پر رواں سال کی پہلی برفباری پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، بارش اور برف باری کے باعث درجہ حرارت نیچے گرگیا، پوری وادی یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں ہے۔ سردی سے بچنے کیلئے شہریوں نے گرم ملبوسات اور گرم سوغات کا استعمال شروع کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری جب کہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا یہ سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جاری رہے گا