چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، پشاور کی خصوصی ہدایت پر سول جج کی عدالت نے شمالی وزیرستان میں کام شروع کر دیا جس کیلئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شمالی وزیرستان عثمان ولی خان نے ابتدائی انتظامات مکمل کر لئے , سول جج / جوڈیشل مجسٹریٹ کی تعیناتی فوری بنیادوں پر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، پشاور قیصر رشید کی ہدایات پر رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ، پشاور انعام اللہ خان نے سول جج / جوڈیشل مجسٹرٹ برائے میران شاہ ضلع شالی وزیرستان کی تعیناتی کے احکامات جاری کر دئیے جس کیلئے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پیشاور ہائی کورٹ بنوں بنچ کی زیر نگرانی ڈسٹرکت اینڈ سیشن جج شمالی وزیرستان عثمان ولی خان نے ابتدائی انتظامات مکمل کرلئے اور زاہد علی خان بطور سول جج کی تعیناتی فوری بنیادوں پر کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شمالی وزیرستان عثمان علی خان نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کی اولین تر جیح ہے کہ سائلین کو سستا انصاف فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر متعلقہ سول جج کی تعیناتی کی گئی ہے اس سے سائلین کو اضافی اخراجات برداشت نہیں کرنے پڑیں گے اور انکو گھر کی دہلیز پرسستا انصاف میسر ہو گا اور سائلین کو بے جاسفری تکالیف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شمالی وزیرستان عثمان ولی خان نے تمام تر انتظامات مکمل کرنے میں تعاون پر ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان اور ڈی پی او شمالی وزیرستان عقیق حسین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر طرح کی ہمیں معاونت فراہم کی اور سول جج کی شمالی وزیرستان میں تعیناتی کو یقینی بنایا۔