جسٹس عائشہ ملک نے بطور سپریم کورٹ جج حلف لے لیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے جسٹس عائشہ اے ملک سے حلف لیا۔
جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں پہلی خاتون جج کی تعیناتی کی سفارش کی تھی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جج ایک خاتون مقرر ہوئی ہیں۔
تقریب حلف برداری میں ججز،وکلاء،عدالتی اسٹاف اورمیڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ جسٹس عائشہ ملک کی تقریب حلف برداری کے موقع پر چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ جسٹس عائشہ ملک اپنی قابلیت کی بنیاد پر جج بنی ہیں، ہم کسی چیز کا کریڈٹ نہیں لیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عائشہ ملک کے نام کی منظوری دی تھی۔ جس کے بعد وفاقی وزارت قانون نے ان کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔
جسٹس عائشہ ملک کے متعلق لاہور ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پہ درج ہے کہ وہ 1966 میں پیدا ہوئیں اور اپنی تعلیم پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سے حاصل کی۔ انہوں نے فرانس، برطانیہ اور امریکہ کے تعلیمی اداروں سے بھی کسب فیض کیا۔
ویب سائٹ کے مطابق جسٹس عائشہ ملک نے قانون کی اعلیٰ تعلیم (ایل ایل ایم) امریکہ کے معروف تعلیمی ادارے ہارورڈ لا سکول سے حاصل کی۔
جسٹس عائشہ ملک بحیثیت وکیل ہائی کورٹس، ڈسٹرکٹ کورٹس، بینکنگ کورٹس، اسپیشل ٹریبیونلز اور آربٹریشن کورٹس میں پیش ہوئیں اور مقدمات لڑتی رہیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں متعین ہونے والی جسٹس عائشہ ملک مئی 2012 میں لاہور ہائی کورٹ کی ایڈیشنل جج مقرر کی گئی تھیں۔