وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے اسمبلی فلور پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کیلئےفکس پے پر 481 نرسز کی بھرتیوں پر تحفظات اور سوشل میڈیا پر اُٹھائے گئے سوالات سے متعلق انکوائرئ جاری ہے ۔ انکوائرئ کمیٹی اپنی رپورٹ آئندہ ہفتے پیش کریگی جسے میڈیا کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ سب کچھ میرٹ کی بنیاد پر ہی ہوا ہے۔۔
انہوں نے بتایا کہ ان آسامیوں کیلئے قبائلی اضلاع کے امیدوار پہلی ترجیح تھے اور حکومت چاہتی ہے کہ قبائلی اضلاع کے تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد کو برسر روزگار لائے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھرتیاں نہ کرانے سے قبائلی اضلاع کے عوام کا نقصان ہوگا اور صحت کا ڈھانچہ مفلوج ہوجائے گا۔ ہم نے آج بھی قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے دور دراز علاقوں کے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئےہیلتھ فاونڈیشن کے ذریعے صوبے کے مختلف اضلاع کے 10 طبی مراکز کے انتظام و انصرام کی آوٹ سورسنگ کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں تاکہ قبائلی کو گھر کی دہلیز پر علاج معالجے کی بہترین سہولیات مہیا ہو۔
ان طبی مراکز میں کٹیگری اے ہسپتال وانا، کٹیگری سی ہسپتال مشتی میلہ، کٹیگری ڈی ہسپتال کوہستان، کٹیگری ڈی ہسپتال بازار ذخہ خیل، کٹیگری ڈی ہسپتال رزمک اور دیگر شامل ہیں۔