خیبر: محکمہ تعلیم ضلع خیبر کے زیر اہتمام “داخلہ کرائیں” کمپئین کے حوالے سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرائیں۔
محکمہ تعلیم ضلع خیبر کے زیر اہتمام داخلہ کرائیں واک ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس سے شروع ہوکر جمرود باب خیبر کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرعزیز خان،ایڈیشنل ایجوکیشن آفیسر شاہد علی،طاہر خان اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سمیت کثیر تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی۔
داخلہ کرائیں واک کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عزیز خان کا کہنا تھا کہ تمام والدین اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے سرکاری سکولوں میں داخل کرائیں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم شروع ہوچکی ہے جس میں فرسٹ شفٹ اور سیکینڈ شفٹ دونوں میں بچوں کو داخل کرایا جاسکتا ہے۔امسال خیبر پختونخوا بشمول قبائلی اضلاع میں 16 لاکھ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانے کی ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔
ایڈیشنل ایجوکیشن آفیسر شاہد علی نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں بچوں کو فری کتابیں دی جاتی ہیں اور فری یونیفارم و جوتے بھی دئے جاتے ہیں لہذا والدین اپنے بچوں کے روشن مستقبل اور ملک و قوم کی ترقی کی خاطر اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کراکر اپنا اہم فریضہ ادا کریں۔اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طاہر خان کا کہنا تھا کہ تعلیم ہی سے ملک و قوم کی ترقی ممکن ہے۔روشن کل اور آج کے لئے تمام والدین بروقت اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرائیں تاکہ ہمارے بچے بھی پڑھ لیکھ کر روشن مستقبل کے امین بنیں اور اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔