کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر اور ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی زیرنگرانی، ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی ریلی اور علامتی واک کا انعقاد کیا گیا اور کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
ریلی کی قیادت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر اور ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محمد حامد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) عبداللطیف، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، محکمہ سول ڈیفنس، محکمہ تعلیم، پبلک ہیلتھ انجینئیرنگ، دیگر سرکاری محکموں کے افسران و نمائندگان، سول سوسائٹی، طلبہ، اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ملک بھر کی طرح، ضلع سوات میں بھی کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے پرچم کشائی کی، قومی ترانہ پیش کیا گیا، کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اور بعد ازاں ایک بھرپور علامتی واک و ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی کے دوران “کشمیر بنے گا پاکستان”، “پاک فوج زندہ باد” اور دیگر فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے۔ شرکاء نے بھارتی ظلم و ستم، غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلوانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر نہ صرف ایک دن ہے بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلق اور اخوت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “کشمیر کل بھی ہمارا تھا، آج بھی ہمارا ہے، اور ہمیشہ ہمارا رہے گا۔”ی انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام، حکومت، اور ہر ادارہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارتی مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔
انہوں نے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کبھی بھی کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط کو تسلیم نہیں کریں گے۔ **”ہماری محبت، ہمدردیاں اور دعائیں ہمیشہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں، اور ہم ان کی آزادی کی جدوجہد میں ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے اس موقع پر، ضلعی انتظامیہ سوات، ملاکنڈ ڈویژن کے عوام، اور تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کے حقوق کے لیے ہر ممکن آواز بلند کریں گے۔