پشاور: میئر پشاور نے سپین جماعت کے لیے 1.5 کروڑ روپے فنڈ دینے کا اعلان کردیا
میئر پشاور حاجی زبیر علی نے سپین جماعت کے لیے ڈیڈھ کروڑ روپے کا فنڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون کے مطابق جو جگہیں میٹروپولیٹن کی ملکیت یا دائرہ اختیار میں آتی ہیں ان کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اپنا سیاسی رویہ اپنانے سے گریز کرے ۔
سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی نے بھی ضلعی انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپین جماعت کو کمرشل مقاصد کے لیے منہدم کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہونے دیا جائیگا۔
یہ اعلانات اور ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سپین جماعت میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے قبل ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تمام تر مشران نے تجاویز پیش کیں اور سپین جماعت کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کمیٹی نے مشترکہ اور متفقہ فیصلہ کیا کہ سپین جماعت کے حوالے سے جو کوئی بھی ہم سے بات کریگا وہ سپین جماعت ہی میں سب کی موجودگی میں کی جائیگی اس کے علاوہ کسی کے دفتر میں کوئی بات چیت نہیں کی جائیگی ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر پشاور حاجی زبیر علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے اور بلدیاتی ادارے موجود ہیں اور قانون بھی موجود ہے جس کی روح سے وہ تمام جگہیں جو کیپیٹل میٹرو پولیٹن کی ملکیت یا اس کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں ان کو کسی دوسرے ادارے کو نہیں دیا جاسکتا۔