Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, April 14, 2025

نقل کی روک تھام: پشاور تعلیمی بورڈ کا بڑا ایکشن، 24 ممتحن معطل

پشاور تعلیمی بورڈ کا بڑا اقدام: امتحانات میں نقل کی روک تھام پر 24 عملے کے خلاف کارروائی، تاحیات بلیک لسٹ

پشاور (نمائندہ خصوصی) – پشاور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیرِ انتظام جاری میٹرک امتحانات میں نقل کی روک تھام کے سلسلے میں سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ امتحانی ہالز کے اچانک دوروں کے دوران مختلف مراکز سے پاکٹ گائیڈز کی برآمدگی اور امتحانی عملے کی غفلت سامنے آنے پر 24 ممتحن معطل کر دیے گئے، جنہیں تاحیات امتحانی ڈیوٹی کے لیے بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پشاور تعلیمی بورڈ کی جانب سے باقاعدہ پریس ریلیز جاری کر دی گئی ہے، جس میں معطل اہلکاروں کی مکمل تفصیلات بھی شامل ہیں۔

پشاور تعلیمی بورڈ کے مطابق میٹرک امتحانات چھ اضلاع — پشاور، چارسدہ، چترال اپر، چترال لوئر، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر — میں شفافیت اور سہولیات کے ساتھ جاری ہیں۔ امتحانی مراکز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھنے کے لیے 150 فیڈرز مختص کیے گئے ہیں جبکہ پرچہ آؤٹ ہونے یا کسی بڑی بے ضابطگی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

چغر مٹی امتحانی مرکز میں کارروائی

پشاور کے علاقے چغر مٹی کے گرلز ہائی اسکول میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (خاتون) کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پورے امتحانی عملے کو معطل کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق امتحانی مرکز میں پاکٹ گائیڈز کی برآمدگی، نقل میں معاونت اور فرائض میں غفلت پائی گئی۔ معطل کیے گئے افسران میں مریم بی بی، ثناء ہدایت، حفصہ، صداقت امین، یاسمین بیگم اور لیلیٰ مظہر شامل ہیں۔

ضلع مہمند میں گرفتاری اور مقدمہ

اسی طرح قبائلی ضلع مہمند کے پنڈیالی علاقے میں اسلامیہ ماڈل اسکول اور پنڈیالی ماڈل اسکول میں بھی بورڈ افسران نے اچانک دورے کیے۔ دوران تلاشی امتحانی عملے کی غفلت سامنے آئی، جس پر تمام اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ مزید برآں، امتحانی مرکز کے قریب موجود ایک پرائیویٹ شخص، عبداللہ ولد آفسر خان، سے بڑی تعداد میں پاکٹ گائیڈز برآمد کر لی گئیں۔ ملزم کو حراست میں لے کر مقامی تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

چارسدہ و خیبر میں بھی کارروائیاں

ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی کے الاسد ماڈل اسکول میں بھی سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو معطل کیا گیا۔ اسی طرح قبائلی ضلع خیبر کے بلوم اسٹار اسکول باڑہ میں ڈیوٹی پر مامور سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ پر ایک ممتحن کو نقل میں معاونت پر فارغ کر دیا گیا۔

کمشنر پشاور ڈویژن کا مؤقف

کمشنر پشاور ڈویژن و چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ، ریاض خان محسود نے امتحانی عملے کے خلاف کارروائی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ تمام کارروائیاں صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق کر رہا ہے، اور نقل میں ملوث کسی بھی فرد سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانات میں شفافیت، نقل کی مکمل روک تھام اور طلبہ کو بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو نصیحت کی گئی ہے اور ان کے خلاف کوئی سخت کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، کیونکہ ہمارا مقصد مستقبل کے معماروں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔

نقل کی روک تھام: پشاور تعلیمی بورڈ کا بڑا ایکشن، 24 ممتحن معطل

Shopping Basket