پشاور: روشن خان نیشنل سکواش ٹیم چیمپیئن شپ میں خیبرپختونخوا کھلاڑیوں نے بہترین کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کرلی، کراچی میں پاکستان نیوی کے سکواش کمپلیکس میں پاکستان نیوی اور کمبیکس سپورٹس کے اشتراک سے منعقد ہوئے ان مقابلوں میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، واپڈا، سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت قومی سطح کی سرکردہ سکواش ٹیموں نے حصہ لیا.
کمبیکس روشن خان نیشنل ٹیم سکواش چیمپیئن شپ کے لئے خیبر پختونخوا کی ٹیم کے انتخاب کے لئے قیوم سٹیڈیم پشاور میں واقع قمر زمان سکواش کمپلیکس میں ٹرائلز ہوئے جن میں صوبہ بھر سے ٹاپ 20 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، ٹرائلز میں ٹیم کے لئے چار کھلاڑیوں خوشحال ریاض خان، ناصر خان، مطہر علی شاہ اور شہزاد خان کا انتخاب ہوا، جبکہ اویس خان آفیشل کے طور پر ٹیم کے ہمراہ تھے۔ خیبرپختونخوا کی سکواش ٹیم نے کپتان خوشحال ریاض خان کی قیادت میں یکم مارچ سے کراچی میں منعقدہ ان مقابلوں میں حصہ لیا اور تیاری کے لئے پورا وقت نہ ملنے کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا اور مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے برونز (کانسی) کا تمغہ حاصل کیا.
سابق ورلڈ چیمپیئن اور سکواش لیجنڈ جہانگیر خان چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کامیاب ٹیموں کے کھلاڑیوں کو تمغوں اور انعامات سے نوازا۔ جبکہ کمبیکس سپورٹس کے چیف ایگزیکٹو عمر سعید اور ٹورنامنٹ ریفری نوید عالم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا سکواش ٹیم کے کپتان خوشحال ریاض خان نے اس ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر ٹورنامنٹ کے آرگنائزر کمبیکس سپورٹس کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن اور اس کے صدر محمد داؤد خان، سیکرٹری منصور زمان اور سکواش لیجنڈ قمر زمان کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے خیبرپختونخوا کی سکواش ٹیم کو اس اہم سکواش ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا موقع ملا.
انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا صوبے میں سکواش کے فروغ کے لئے جو اقدامات کر رہے ہیں اس کے نتیجہ میں گراس روٹ لیول پر سکواش کا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت کرکے سکواش کی دنیا میں ملک اور صوبے کا نام روشن کریں گے۔