پشاور: ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت ہاکی کی پراونشل لیگ میں کھیلے گئے دونوں میچز بغیر کسی گول کے برابر رہے،عبدالولی خان سپورٹس کمپلکس چارسدہ میں گزشتہ روز پہلا میچ ہزارہ اور بنوں کے مابین کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کیا اور مقرررہ وقت تک دونوں ٹیمیں بغیر کسی گول کے برابر رہیں.اسی طرح دوسرا میچ روایتی حریف پشاور اور مردان کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو بغیر کسی نتیجہ ختم ہوگیا لیگ کے قوانین کے مطابق چاروں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔
ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت چلایا جانے والا منفرد پراجیکٹ ہے جو کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن کے تحت جامعات کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کی نگرانی کر رہی ہیں۔ اس ضمن میں ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کی روشنی میں خواتین کو مردوں کے مساوی مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہاکی لیگ 10 جنوری تک جاری رہے گی لیگ میں ونر اور رنراپ ٹیموں میں سے بہترین 36 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جس کا انتخاب کراچی اور لاہور سے آنیوالے سلیکٹرز کریں گے تاہم خیبر پختونخوا سے منتخب ٹیم نیشنل ہاکی لیگ میں شرکت کرے گی جو کراچی میں منعقد ہورہی ہے اس لیگ میں ملک بھر کے مختلف زونز کی بہترین ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس کا مقصد پاکستان کی بہترین ہاکی ٹیمیں تیار کرنا ہیں جو مستقبل میں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کی نمائندگی کریں گی۔
