خیبرپختونخوا کے علاقے وزیرستان میں امن دشمنوں کیخلاف لڑتے ہوئے پاک افواج کے دو جوان شہید ہوگئے۔
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردو ں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
ترجمان کے مطابق لڑائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں لانس نائیک عمر علی خان اور سپاہی محمد سراج الدین شامل ہیں۔ 23 سالہ شہید سپاہی محمد سراج الدین کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے، جب کہ 26 سالہ لانس نائیک شہید عمر علی خان کا تعلق بنوں سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو اور پختہ کرتی ہیں۔