وزیرستان پر سرحد پار سے حملہ اور کور کمانڈر کا دورہ

وزیرستان پر سرحد پار سے حملہ اور کور کمانڈر کا دورہ

عقیل یوسفزئی

شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے حسن خیل میں موجود پاک فوج کی چوکی کو سرحد پار سے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں لانس حوالدار وقار علی شہید ہوگئے جن کا تعلق صوابی سے تھا. جوابی کاروائی میں متعدد حملہ آوروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں. یہ رواں برس سرحد پار سے پاکستان پر پانچواں حملہ ہے تاہم پاکستان بوجوہ مسلسل برداشت سے کام لیتا آ رہا ہے. اسی روز تیراہ ضلع خیبر میں فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں ایک شرپسند مارا گیا جبکہ ایک سپاہی زخمی ہوا. وزیرستان میں ایک اور دہشت گرد واقعہ میں ایک معصوم بچہ شدید زخمی ہوا تو بعض دوسرے واقعات بھی ہوئے تاہم فورسز کی کارروائی بھی مختلف علاقوں میں جاری رہی کیونکہ افغانستان کے حالات کافی پیچیدہ ہیں اور پاکستانی طالبان بھی مختلف گروپوں میں تقسیم ہونے کے باعث مشکلات پیدا کرتے آ رہے ہیں.

دوسری جانب کور کمانڈر پشاور نے گزشتہ روز سارا روغہ وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعلقہ حکام اور قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور تجاویز کے تبادلے کے علاوہ ان کو یقین دہانی کرائی کہ فورسز عوام کے تحفظ اور تعمیر نو کے علاوہ علاقے کی معاشی ترقی کے لئے بھی بھرپور اقدامات کریں گی. ان کا مختصر مدت کے دوران چارج سنبھالنے کے بعد یہ وزیرستان کا تیسرا دورہ تھا جو کہ اس جانب اشارہ ہے کہ وہ سوات کی طرح متاثرہ علاقے وزیرستان پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں جو کہ اچھا طرزِ عمل ہے.
وزیر اعلیٰ پختون خوا بھی گزشتہ روز سوات گئے جہاں انہوں نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ لیکر سوات میں 18 مزید پولیس چوکیوں کے قیام کا اعلان کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ جاری صورتحال کی خود نگرانی کررہے ہیں اور عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے.
امن کے حق میں مالاکنڈ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات اور ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جو کہ اس جانب اشارہ ہے کہ عوام ماضی کی طرح اب شدت پسندوں کو برداشت نہیں کررہے تاہم ان تمام سرگرمیوں کے دوران ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام اور ریاستی ادارے ایک پیج پر ہوں اور ان عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے جو کہ اس صورت حال سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرسکتے ہیں.

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket