پاکستان کی وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 23-2022 کا بجٹ آج پیش کرے گی۔ وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل شام چار بجے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بجٹ اور فنانس بل پیش کریں گے۔
وفاقی بجٹ کا مجموعی حجم 95 کھرب روپے ہو گا جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکومت نے بجٹ اجلاس سے متعلق حکمتِ عملی طے کرلی ہے جس کے تحت غیر متعلقہ افراد کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سابقہ حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے پارلیمنٹ کے باہر پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات ہو گی۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس ریونیو کا ہدف 7255 ارب ر وپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے جب کہ پرتعیش اور غیرضروری اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کیا جانا بھی بجٹ تجاویز میں شام