وزیراعظم کی ہدایت پر ریسکیو ٹیم اور امدادی سامان آج خصوصی طیارے سے ترکیہ روانہ ہوگا
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ آج رات ترکیہ روانہ ہوگا۔
سی 130 طیارہ آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم لے کر زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچے گا۔ کل صبح پی آئی اے کی ایک پرواز سے 50 افراد اور 15 ٹن سامان ترکیہ روانہ کیا جائے گا۔ امدادی ٹیم میں ریسکیو 1122 کے اہلکار شامل ہوں گے۔
لاہور سے سی 130 طیارہ 7 ٹن امدادی سامان لے کر استنبول روانہ ہوگا۔ امدادی سامان میں خیمے، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔
8 فروری سے روزانہ پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے اسلام آباد اور لاہور سے امدادی سامان ترکیہ اور شام بھیجا جائے گا۔ وزارت صحت اور آرمی میڈیکل کی ٹیمیں ترکیہ اور شام بھجوائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب ترکیہ اور شام شدید زلزلہ آیا ہے اور 7.9 شدت کے زلزلے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس کے باعث مجموعی طور پر ہلاکتیں 2500 سے تجاوز کرگئیں اور سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔
ترکیہ میں زلزلے سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 1651 ہوگئی اور 9733 افراد زخمی ہی جبکہ 3471 عمارتیں تباہ ہوگئیں۔