پشاور : اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس برائے صنفی مساوات مس عائشہ گل نے گذشتہ شب پشاور شہر میں خواتین کی خریداری کی مارکیٹوں مینا بازار، کوچی بازار اور شاہین بازار کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے عید کی خریداری میں مصروف خواتین کی سیکیورٹی انتظامات چیک کیے۔خواتین نے اے آئی جی پولیس کو اپنے درمیان پاکر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ عائشہ گل نے تینوں مارکیٹ میں خواتین کی حفاظت کے لئے اُٹھائے گئے سیکیورٹی اقدامات کا بذات خود جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود لیڈیز پولیس سے ان کی ڈیوٹی کی نوعیت اور انہیں درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔ لیڈیز پولیس نے اے آئی جی کو بتایا کہ بازار میں داخلی گیٹ پر خواتین کی جامعہ تلاشی کے ساتھ ساتھ ان کے شاپنگ بیگز چیک کئے جاتے ہیں اور مکمل اطمینان کے بعد خواتین کو اندر داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔ اے آئی جی نے ڈیوٹی پر موجود لیڈیز پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ چیکنگ کے دوران خواتین کے ساتھ اعلیٰ اخلاق اور اچھا رویہ اپنائیں اور ان کے دل جیت کر امن و امان کے قیام کے حوالے سے ان کا اعتماد حاصل کریں۔
اس موقع پر اے آئی جی مارکیٹوں می عید کی خریداری میں مصروف مختلف خواتین سے بھی ملیں اور ان سے پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے سیکیورٹی اقدامات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ عید کی خریداری میں مصروف خواتین نے پشاورلیڈیز پولیس کی جانب سے ان کی حفاظت کے لئے کئے گئے انتظامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور لیڈیز پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔ عائشہ گل مینا بازار میں مختلف دکانداروں سے بھی ملیں اور ان سے لیڈیز پولیس کی جانب سے بازار اور شاپنگ کے لئے آنے والوں کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی اقدامات کے بارے میں پوچھا۔ تمام دکانداروں نے اٹھائے گئے پولیس اقدامات کی تعریف کی۔ پشاور میں خواتین کی خریداری کی مختلف ما رکیٹوں میں 60 سے زائد لیڈیز پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے جہاں وہ صبح 10 بجے سے لیکر رات 1 بجے تک ڈیوٹی پر موجود رہتی ہیں۔