خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ چھاتی کے سرطان کی ابتدائی سکریننگ سے ہزاروں جانیں بچائی جا سکتی ہیں. ابتدائی مراحل میں اس بیماری کی تشخیص اس کے علاج اور کنٹرول میں کافی مؤثر ثابت ہوتی ہے.ان خیالات کا اظہار خاتون اول نے گذشتہ روز نارتھ ویسٹ اینڈ ریسرچ ہسپتال حیات آباد میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئےکیا. سیمینار میں سی ای اونارتھ ویسٹ ہسپتال ضیاء الرحمان، چئیرمین الائنس ہیلتھ کئیر پرائیویٹ لمیٹڈ ڈاکٹر طارق ہاشم، کینسر کے ماہرین ڈاکٹروں، طلباء و طالبات نے شرکت کی.
بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ چھاتی کے سرطان کی شرح ایشیاء کے ممالک میں پاکستان میں سب سے زیادہ ہے. جس کی وجہ سے ہر سال ہزاروں خواتین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں خواتین میں آگاہی کا فقدان اس کے پھیلاؤ کی اہم وجہ ہے. اس بات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اس بیماری سے بچاو کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کر کے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے. انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اس بیماری کے بارے میں باقاعدگی کے ساتھ اپنا معائنہ کرواتی رہیں. بیگم ثمینہ عارف علوی نے سرطان سے متعلق آگاہی مہموں کی حمایت کرنے پر سرکاری ونجی ہسپتالوں، میڈیا اور سول سوسائٹی کی کاوشوں کو سراہا. سیمینار سے ماہرین اور ڈاکٹروں نے بھی خطاب کیا۔آخر میں چیف ایگزیکٹو نارتھ ویسٹ ہسپتال ضیاالرحمان نے خاتون اول کو شیلڈ بھی پیش کی ۔