پشاور:گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار میں سالانہ جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول رنگا رنگ تقریب کیساتھ اختتام یذیرہوگیا،تقریب کے مہمان خصوصی مشیر برائے سپورٹس اور یوتھ افیئرز پروفیسر ڈاکٹر ریاض انور تھے جنہوں نے طالبات میں انعامات اور سرٹیفکیس تقسیم کئے.
مقابلوں کے نتائج کے مطابق کبڈی کاایونٹ بی ایس سینئرز نے جیت لیا جبکہ ایف اے ٹو کی طالبات نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی ؛تائیکوانڈو کے مقابلوں میں سمیدہ،لائبہ میری،مہکان اور جویریہ نے گولڈ جبکہ نرگس،شازیہ اور حراء نے سلور میڈلز جیت لئے،نیٹ بال کے ایونٹ کو ایف ٹو کی طالبات نے اپنے نام کرلیا جبکہ بی ایس سینئرز نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی،رسہ کشی کا فائنل بی ایس کمسٹری اور بی ایس پولیٹیکل سائنس ڈیپارٹمنٹ کے مابین کھیلا گیا جس میں بی ایس کمسٹری کی طالبات نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔اختتامی تقریب کے موقع پر نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو میڈلز بھی پہنائے گئے اس موقع پر کالج کے طالبات نے مارشل آرٹس اور ملی نغموں پر پرفارمنس کا مظاہرہ کیا.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹرریاض انور نے کہا کہ ہمارے صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس مٹی کی بچیوں نے تعلیم کیساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں موجود ٹیلنٹ کو مزید تلاش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تعلیم کیساتھ ساتھ مختلف کھیلوں میں بھی نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں ،قبل ازیں پرنسپل سٹی گلبہار کالج پروفیسر طاہرہ ڈار نے مہمانان کوخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سپورٹس زندگی کا اہم جز ہے ‘کیونکہ سپورٹس ذہنی اور جسمانی نشونما کے لئے بے حد ضروری ہیں جس سے بچیوں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔واضح رہے کہ سالانہ جشن بہاراں سپورٹس فیسٹیول میں کالج کے آٹھ شعبہ جات کی طالبات نے نیٹ بال، کبڈی، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، تائیکوانڈو، رسہ کشی سمیت میوزیکل چیئر، بوری ریس، قرات، نعت کے مقابلوں میں شرکت کی ۔آخر میں ونر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔