پشاور: خیبرپختونخوا میں امراض قلب کے واحد سرکاری ہسپتال پشاور انسٹیٹیوٹ نے ایک اور تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی۔ جس سے صوبے میں قلب کے پیچیدہ امراض میں مبتلا بچوں کے لئے زندگی کی امید پیدا ہوگئی ۔ب ڑوں کے بعد بچوں کے بھی بغیر سینہ چاک کیے دل کا آپریشن کیا گیا ۔پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ترجمان رفعت انجم کے مطابق پہلی بار اپنی نوعیت کا کامیاب آپریشن پی آئی سی میں کیا گیا۔ 17 سالہ مریض عبدالعزیز کے پھیپھڑوں کو خون دینے والے والو نے کام چھوڑ دیا تھا جو سینہ چاک کیے بغیر تبدیل کیا گیا۔
آپریشن ٹیم کی سربراہی کرنے والے پی آئی سی کے پیڈز کارڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹراعجاز حسین کے مطابق اس سے قبل مریض کے دل کی تین سرجریز پاکستان اور انڈیا کے مختلف ہسپتالوں میں ہوچکی تھیں تاہم زیادہ سرجریز کے بعد مریض کے پھیپھڑوں کو خون فراہم کرنے والے والوو نے کام چھوڑ دیا تھا ڈاکٹر اعجاز حسین کا کہنا تھا کہ مریض کے دل کے والوو کو تبدیل کرنے کے لیے اوپن ہارٹ اور بغیر کٹ سرجری کے آپشن موجود تھے مگر اوپن ہارٹ سرجری میں خطرہ زیادہ ہونے کے باعث بغیر کٹ لگائے نئے طریقہ علاج کی طرف جانا پڑا،17 سالہ مریض کی ٹانگ کے رگ کے ذریعہ والوو تبدیل کیا گیا۔ ہسپتال ترجمان کے مطابق بغیر کٹ سرجری میں پی آئی سی ،لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور ، برطانیہ اور متحدہ عرب امارت سے آئے پاکستان کے نامور پیڈز کارڈیالعجسٹ نے حصہ لیا۔بیرون ممالک سے آئے کارڈیالوجسٹ کا پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور اس کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی آئی سی قومی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے اور پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے۔ اس طرح کے نئے طریقہ علاج متعارف کرنے پر تمام ہسپتال انتظامیہ خراج تحسین کی مستحق ہے ۔ جنہوں نے ہسپتال کے قیام کے بعد مختصر عرصے میں بڑی کامیابیاں سمیٹیں ۔