پشاور۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں خودکشی کی روک تھام کے حوالے سے منفرد سیمنار کا انعقاد کیا گیا ۔ سمینار کے مہمان خصوصی درہ آدم خیل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جہانزیب تھے۔
ہسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق ایل آر ایچ دماغی امراض کے یونٹ کے زیر اہتمام اس سمینار میں یونٹ کے سینئر ڈاکٹروں کے علاوہ جونیئر ڈاکٹروں اور باہر سے آئے ہوئے سینئر سائیکاٹرسٹ نے شرکت کی۔
سمینار کے شرکا نے معاشرے میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رحجانات پر تفصیلی لیکچرز دیے۔
ایل آر ایچ کے سینئر ڈاکٹرز پروفیسر زاہد نظر،ایسوسی ایٹ پروفیسر مختیار الحق،اسسٹنٹ پروفیسر محمد فراز،اسسٹنٹ فضل ربانی کے علاؤہ جونئیر ڈاکٹرز اور دیگر نے کہا کہ آج کل کے دور میں لوگ مختلف قسم کے ذہنی دباو کا شکار ہیں جسکی وجہ سے مایوسی اور پھر خودکشی کی طرف رحجان پیدا ہو رہا ہے۔
درہ آدم خیل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جہانزیب نے کہا کہ ہم ذہنی بیماری کو سیریس نہیں لیتے حالانکہ ذہنی صحت کا آپ کی اور آپ کی فیملی کے اوپر بہت اثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپریشن ،ذہنی تناو اور مایوسی کے جذبات اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ سائیکاٹرسٹ سے اپنا معائنہ کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاج میں دیر مریض کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ سمینار میں باہر سے بھی سینئر ڈاکٹرز پروفیسر واجد علی ایچ ایم سی،ایسوسی ایٹ پروفیسر علی مفتی جناح میڈیکل کالج،اسسٹنٹ پروفیسر عمران خان کے ٹی ایچ نے بھی ذہنی صحت کے حوالے سے مفید معلومات شیئر کی اور کہا کہ ذہنی امراض سے معتلق بات کریں اور اس کو ایک بیماری سمجھیں جس کا علاج موجود ہے۔