پشاور: خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاورمیں سپورٹس گالا 2023 کا آغاز ہوگیا۔ سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب گذشتہ روز کے ایم یو مین کیمپس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق تھے۔
مختلف انسٹی ٹیوٹس جن میں آئی پی ایم آر،آئی این ایس، آئی پی ایم ایس، آئی پی ایس، آئی پی ایم ایس، آئی پی ایچ، آئی پی ڈی ایم، آر ایم آئی، این سی ایس، ایس ایچ ایس، آئی ایچ ایس صوابی اورآئی ایچ ایس مردان کی ٹیموں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ کےایم یو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہمارے طلباء و طالبات جہاں اکیڈیمک سرگرمیوں میں یونیورسٹی کا نام دنیابھرمیں روشن کر رہے ہیں وہاں ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی ہمارے طلباء کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں ہیں۔انھوں نے کہا کہ کھیل کود متوازن معاشروں کی تشکیل میں کلیدی کر دار ادا کرتے ہیں ہمیں اپنی نئی نسل کو منشیات اور بے راہروی سے بچانے کے لئے انہیں زیادہ سے زیادہ کھیل کودکے مواقع فراہم کرنا ہونگے۔پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے طلباء کی کارکرگی اور جوش و جزبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں سپورٹس مین سپرٹ،صبر،برداشت،ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کھیل کود تعلیم و تربیت کااہم جزو ہےاوراسکے بغیرتعلیم کےمقاصد کا حصول ناممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اورانکی متوازن نشونما اور بہترین شخصیت سازی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کا ر لائے جا رہے ہیں۔ انھوں نےاعلان کیا کہ یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کو کھیلوں کی الگ الگ سہولیات فراہم کرنے کے لئے جدید انڈور سپورٹس کمپلکس تعمیر کیا جائے گا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے مشعل جلا کر کھیلوں کا باضابطہ آغاز کیا۔