خیبر پختونخواہ کی خواتین زندگی کے ہرشعبے میں فعال کردار ادا کرتی آئی ہیں اور گزشتہ چند برسوں کے دوران بعض حلقوں کے خدشات سے قطع نظر صوبے کی خواتین ہر شعبہ ہائے زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی دکھائی دے رہی ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔
اس ضمن میں خویاندے ادبی لشکر (خال) کے زیر اہتمام گزشتہ روز خواتین کے عالمی دن کی مناسب سے ایک ایوارڈ فنکشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد صوبے اور پشتون سوسائٹی کی ان خواتین کو خیراج تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے نامساید سماجی، سیاسی حالات کے باوجود اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنے کام کے ذریعے نام بنایا ہے ۔
تقریب میں فن و ادب کے علاوہ سیاسی، سماجی اور ثقافتی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ ان شخصیات نے اپنے تاثرات میں بتایا کہ بعض رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود پشتون خواتین کی مجموعی کارکردگی اور نمائندگی ہر شعبے میں قابل ستائش رہی ہیں اور ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ اپنی نئی نسل خصوصاً لڑکیوں کی بھرپور سرپرستی اور حوصلہ افزائی کو یقینی بنا کر ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
مذکورہ ایوارڈ تقریب کی آرگنائزر اور متحرک شاعرہ ، دانشور کلثوم زیب نے اس ضمن میں بتایا کہ ہم نے اس ایونٹ کو اس لئے ضروری سمجھا کہ اس کے ذریعے نہ صرف اپنے لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کیا جائے بلکہ ان نئے لکھاریوں، فنکاروں اور دیگر شعبوں کی باصلاحیت لڑکیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی بھی کی جائے جو کہ بعض سماجی رکاوٹوں اور مشکلات کے باعث اپنے کام اور صلاحیتوں کو دوسروں کی طرح سامنے نہیں لا سکتی اور ہم ان کی خدمات اور کام سے بے خبر رہ جاتے ہی۔
کلثوم زیب کے مطابق قدرت نے اس خطے اور مٹی کو بہترین اذہان سے نوازا ہے ضرورت صرف اس بات کی ہیں کہ ایسے باصلاحیت لوگوں کو تحفظ فراہم کرکے ان کی سرپرستی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈز کے اس سلسلے کو باقاعدگی کے ساتھ ہر سال منعقد کرکے جاری رکھا جائے گا۔ اس ایوارڈ کی خاص بات یہ ہے کہ ہم نے ان کو اس خطے کی لیجنڈ خواتین مثلاً زیتون بانو، گلناربیگم، سلمہ شاہین اور ایسی دیگر کے نام پر رکھا ہے تاکہ نئی نسل کو ان شخصیات کی خدمات سے آگاہی ہو۔ شرکاء نے اس ایونٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور میں ہم خواتین کی بھرپور اور فعال کردار کو یقینی بنا کر آگے نہیں بڑھ سکتے اس لیے اس قسم کی تقریبات کا اہتمام اور انعقاد بہت لازمی ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
