پہلا زلمی میڈیا کرکٹ لیگ کا ٹائیٹل کوہاٹ زلمی نے جیت لیا۔
پشاور: پشاور زلمی اور پریس کلب کے زیراہتمام تین روزہ زلمی میڈیا کرکٹ لیگ کا فائنل گزشتہ روز تاریخی اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے گراونڈ پر کوہاٹ زلمی اور مردان زلمی کے مابین کھیلا گیا جس میں مردان زلمی کے کپتان ایکسپریس نیوز کے سینئر رپورٹر یاسر علی نے ٹاس جیت کر کوہاٹ زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوہاٹ زلمی نے مقررہ دس اوورز میں 5 ووکٹ کے نقصان پر 128 رن بنائے جس میں زاہد امداد 45 کپتان اسرار احمد 34 جبکہ رضوان زمان 32 رن کے ساتھ نمایاں رہے .
مردان زلمی کی جانب سے افتخار احمد اور عرفان خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا 128 رنز کے تعاقب میں مردان زلمی مقررہ 10 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان 88 رنز ہی بنا سکی جس میں کپتان یاسر علی کے 48 جبکہ صدیق بنگش 22 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ کوہاٹ زلمی کی جانب سے زاہد امداد اور رضوان زمان نے بہترین باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا.
میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی امداد خان آفریدی اور ملک عبداللہ صراف نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ بہترین کارکردگی پر کوہاٹ زلمی کے زاہد امداد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ مردان زلمی کے کپتان یاسر علی اور بہترین کھلاڑی عمر فاروق قرار پائے۔ اسی طرح کوہاٹ زلمی کے واجد شہزاد کو ٹورنامنٹ کا بہترین باولر قرار دیا گیا۔
اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے صحافیوں کے لئے بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پشاور زلمی فاونڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ایونٹ مستقبل میں بھی جاری رہینگے۔ ارشد عزیز ملک نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے پریس کلب کے ممبران کے جذبے اور بہترین سپورٹس مین سپرٹ کے جذبے کو سراہا اور پریس کلب کی جانب سے کرکٹ کے ساتھ ساتھ مختلف کھیلوں کے لئے ٹیمیں بنانے کا بھی اعلان کیا جو ملک کے دیگر پریس کلبز کے ساتھ مقابلے کرینگے تاکہ پشاور پریس کلب کے اس مثبت رجحان کو ملک کے دیگر پریس کلبز تک پھیلا جا سکے۔