ضلع سوات کے خوبصورت ترین علاقے وادی کالام میں گزشتہ روز سنوجیپ ریلی اور کبڈی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں درجنوں کھلاڑیوں نے حصہ لے کر سرد ترین ماحول کو گرما دیا جبکہ سینکڑوں مقامی شائقین کے علاوہ وادی میں موجود سیاحوں کی بڑی تعداد نے بھی اس ایونٹ سے لطف اٹھا کر حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کے لیے مقامی اور غیر مقامی آرگنائزر کی بھرپور سرپرستی کی جائے تا کہ سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔
ایونٹ کے ایک آرگنائزر اور سینئر صحافی خورشید خان نے اس ضمن میں بتایا کہ وہ اور ان کے ساتھی کئی برسوں سے ریلی اور کبڈی کے مقابلے کا عین شدید برف باری کے موسم میں انعقاد کر کے جہاں سیاحوں اور شائقین کو تفریح فراہم کرتے آئے ہیں وہاں مقامی ٹیلنٹ کو بڑے پیمانے پر ان کی صلاحیتوں کا موقع دے کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔
ان کے مطابق اب کے بار سوات سنو کبڈی مقابلے میں 8 ٹیموں نے حصہ لیا جس کو عوام اور سیاحوں نے بہت انجوائے کیا کیونکہ یہ مقابلے عین برف کےاوپر لڑے جاتے ہیں اور اس پس منظر میں بہت منفرد سمجھے جاتے ہیں جبکہ سنو جیپ ریلی میں 33ڈرائیور نے حصہ لیکر شائقین کو انتہائی حد تک لطف اندوز کیا۔ ٹورنامنٹ کا ناک آوٹ سسٹم پر انعقاد کیا گیا۔ اس ضمن میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس موقع پر مقامی ایم پی اے شرافت علی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ایسی سرگرمیوں کا خیر مقدم کر کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم نے بھی کافی تعاون کیا۔
سنو کار ریس ریلی میں شاہ وزیر نے پہلی جبکہ فضل ہادی نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے کہا کہ انہوں نے اس ایونٹ سے بہت لطف اٹھایا اور اگر اس قسم کی سرگرمیوں، مقابلوں کے دوران ان کو مزید مواقع ملتے رہے تو وہ ملک گیر سطح پر اپنی صلاحیتیں دیکھا کر علاقے کا نام روشن کردیں گے۔
مقامی باشندوں، کاروباری حلقوں اور سیاحوں نے اپنے تاثرات کے دوران اس ایونٹ کو بہترین قرار دے کر کہا کہ سوات میں دوسرے سیاحتی علاقوں کے مقابلے میں سیاحت کے حوالے سے بہت ویرائٹی موجود ہے اور یہاں کے عوام اور ہوٹل مالکان بھی مہمان نواز ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس قسم کی ایونٹس اور سرگرمیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ سیاح اور مقامی لوگ اس سے مزید لطف اندوز ہو اور مقامی ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو بھی اُجاگر کیا جا سکے۔
ایک اور خوش آئند بات یہ ہے کہ 11 سے 13 فروری کے درمیان کالام سنو اینڈ سپورٹس فیسٹیول کا آغاز ہونے جارہا ہے جس کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔