کوہاٹ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈاکٹر زاہد اللہ خان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عیدالفطر کے لیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن تاج محمد، ایس پی صدر طارق خان، ایس پی سٹی فاروق زمان، سرکل ایس ڈی پی اوز، تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ٹریفک حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع حفاظتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں ہوائی فائرنگ کی روک تھام، رش کے مؤثر انتظام، اور خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دینے کے امور شامل تھے۔ ضلعی اور بین الاضلاعی شاہراہوں پر سیکیورٹی چیکنگ سخت کرنے اور پولیس گشت بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ خان نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر انٹیلی جنس شیئرنگ اور علاقائی سطح پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے انعقاد پر بھی زور دیا۔
ڈی پی او نے حساس مقامات، پولیس تنصیبات اور عوامی رش والی جگہوں پر سخت سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات کرنے اور اس سلسلے میں کمیونٹی کا تعاون حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے حالیہ دہشتگرد حملوں اور پولیس پر ہونے والے حملوں کے پیش نظر بہترین کوآرڈینیشن اور ٹیم ورک کے ذریعے کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خطرے سے نمٹنے پر بھی زور دیا۔