پشاور:وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کوہاٹ میں 600 ملین روپے کی لاگت سے کثیر المقاصد سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی، رکن قومی اسمبلی نورین ابراہیم، ممبر صوبائی اسمبلی ضیا اللہ بنگش، کمشنر کوہاٹ ڈویژن جاوید مروت،ڈپٹی کمشنر روشن مسعود، سیکرٹری کھیل عامر سلطان ترین، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالد خان اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کوہاٹ کے نوجوانوں سے انہوں نے کھیلوں کے بڑے پراجیکٹ کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا۔ یہ منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل تھا کمپلیکس میں اندرونی بحالی، سڑکیں، آسٹرو ٹرف، جمنازیم ہال، خواتین کے لئے علیحدہ سہولیات، انتظامی بلاک، سوئمنگ پول، ہاسٹل، کلائمنگ وال کی سہولیات میسر آئی ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے اور ضم اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کا بندوبست کیا جارہا ہے اس مقصد کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
آئندہ اے ڈی پی میں کمپلیکس میںکرکٹ اکیڈمی اور سکواش کورٹس بنائی جائیں گی۔ صوبے میں عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں جن میں 11 ہاکی ٹرفس، 7 جمنازیم، تین انٹرنیشنل معیار کے کرکٹ سٹیڈیمز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں ہاکی ٹرفس بچھانے کی منظوری دی گئی ہے جس سے صوبے میں ٹرفس کی تعداد 15 ہوجائے گی۔ لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاور ، چارسدہ، اسلامیہ کالج یونیورسٹی، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور مردان میں ٹرفس بچھائی گئی ہیں، سوات، باجوڑ، خیبر، نوشہرہ میں ٹرف بچھانے کا کام جاری ہے، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ اور سوات میں بھی ٹرفس بچھائی جائیں گی۔ ٹرفس کے پہلے مرحلے کے لئے 828 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
خواتین کھلاڑیوں کو مواقع کی فراہمی کے لئے صوبے میں سات جمنازیم بنائے جارہے ہیں جن پر سات سو ملین روپے اخراجات آئیں گے، سوات میں عالمی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم بنایا جائے گا، سیدو شریف میں گرائونڈ بنایاجارہا ہے جس سے صوبے میں کرکٹ کی بین الاقوامی سرگرمیاں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 1250 کھلاڑیوں کو ماہانہ سکالرشپ دے رہے ہیں ضم اضلاع میں کھیلوں کے منصوبوں کے لئے 2204 ملین روپے رکھے گئے ہیں ۔