Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, January 24, 2026

یونیورسٹی آف ملاکنڈ کی عالمی رینکنگ میں نمایاں پیش رفت

یونیورسٹی آف ملاکنڈ نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) ورلڈ یونیورسٹی انٹرڈسپلنری رینکنگز 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا ہے۔

رینکنگ کے مطابق، لائف سائنسز کے شعبے میں یونیورسٹی آف ملاکنڈ نے خیبر پختونخوا میں پہلی، پاکستان میں تیسری جبکہ عالمی سطح پر 401 تا 501 کی کیٹیگری میں جگہ حاصل کی۔ اسی طرح فزیکل سائنسز کے شعبے میں یونیورسٹی نے خیبر پختونخوا اور پاکستان میں دوسری جبکہ عالمی سطح پر 401 تا 501 کی رینج میں اپنی موجودگی درج کرائی۔

یہ کامیابی یونیورسٹی میں فراہم کی جانے والی معیاری تعلیم، مضبوط تحقیقی ماحول، مؤثر تدریسی نظام، صنعت کے ساتھ اشتراک اور بین الاقوامی روابط کا واضح مظہر ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راشد احمد نے اساتذہ، طلبہ اور تمام انتظامی و تدریسی عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC) کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے قلیل مدت میں نمایاں ترقی کی ہے، جو ٹیم ورک اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔

وائس چانسلر کے مطابق یونیورسٹی کے قابل اساتذہ اور تحقیقی طلبہ نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد تحقیقی منصوبے حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ امریکہ اور یورپ کی معروف جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ کئی طلبہ پاکستان اور بیرونِ ملک معتبر اداروں میں پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں، جو یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے تعلیمی معیار اور ساکھ کا واضح ثبوت ہے۔

یونیورسٹی آف ملاکنڈ کی عالمی رینکنگ میں نمایاں پیش رفت

Shopping Basket