ایشیا کپ 2022: پاکستان نے انڈیا کو شکست دے دی

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد  بھارت کو  آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت  آخری اوور میں  5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ Babar Azam pak vs india

محمد رضوان نے 71 اور محمد نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایشیا کپ 2022 میں اس سے قبل بھارت نے پاکستان کو گروپ میچ میں  سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین ٹیم کا حصہ رہے جبکہ بھارت نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے ، ویرات کوہلی60 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی اننگز

پاکستان کے خلاف بھارت کا آغاز کافی اچھا رہا، صرف 5 اوورز کے اندر بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کیے۔

بھارت کی پہلی وکٹ 54 کے مجموعی اسکور پر گری، روہت شرما 16 گیندوں پر 28 رنز جبکہ کے ایل راہول 28 رنز بناسکے۔

اس کے علاوہ سوریا کمار یادیو 13، رشبھ پنٹ 14 اور ہاردک پانڈیا صفر پر آؤٹ ہوگئے، جہاں بھارت کی وکٹیں گر رہی تھیں وہیں دوسری جانب  ویرات کوہلی میدان کے چاروں اطراف دل کش شاٹس کھیل رہے تھے۔کوہلی نے 44 گیندوں پر 60  رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2، محمد نواز، حارث رؤف اور محمد حسنین نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز

بھارت کے 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا، 22 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔Muhammad Rizwan pak vs india

پاکستان کو دوسرا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 18 گیندوں پر 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 2 وکٹیں گرنے کے بعد رضوان اور بیٹنگ آرڈر میں پروموٹ کیے گئے محمد نواز کے درمیان 73 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن 136 کے مجموعی اسکور پر نواز 20 گیندوں پر برق رفتار 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ محمد رضوان بھی 71 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔4 وکٹیں گرنے کے بعد اختتامی اوورز میں خوشدل اور  آصف علی نے جارحانہ اننگز کھیلی۔

آصف علی نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنائے جبکہ خوشدل 11 گیندوں پر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

محمد نواز کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل تھیں۔

تاہم پہلے مرحلے کے اختتام پر بھارت اور پاکستان گروپ اے سے جبکہ افغانستان اور سری لنکا گروپ بی سے سپر فور مرحلے میں پہنچیں۔

سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket