پشاور: خیبرپختونخوا کے 8 قومی اسمبلی کے حلقوں پر 16 مارچ 2023 کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے لئے جاری شیڈول کے مطابق آج یعنی 6 فروری سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانیکا سلسلہ شروع ہوگا جو 8 فروری 2023 تک جاری رہیگا۔
9 فروری کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست شائع اور 13 فروری تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔
ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 16 فروری تک متعلقہ ایپلیٹ ٹرائیبونل کے پاس جمع کرائے جاسکیں گی۔ ایپلیٹ ٹرائیبونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ 20 فروری تک کیا جائیگا۔
21 فروری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی۔ 22 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے۔ 23 فروری 2023 کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائینگے۔ جبکہ پولنگ 16 مارچ 2023 کو ہوگی۔
صدر پاکستان و زیراعظم کا ترکیہ میں زلزلے سے نقصانات پر افسوس کا اظہار
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ترکیہ میں 7.8 شدت کے زلزلے سے نقصانات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں ترکیہ کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں برادر ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ترکیہ نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
وزیراعظم کی جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بھی ترکیہ اور شام میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس۔
صدر مملکت نے جانبحق ہونے والے افراد کے خاندانوں، ترکیہ اور شام کی عوام اور حکومت کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اِس گھڑی میں پاکستانی عوام اور ميری ہمدردیاں ترکیہ اور شام کے ساتھ ہیں۔
اللہ تعالیٰ جانبحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو صبر جمیل عطا فرمائے، مرحومین کو سکون نصیب فرمائے۔ صدر مملکت کی ترکیہ اور شام میں زلزلے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا
ترکی اورشام میں زلزلے سے 600 سے زائد افراد جاں بحق ،متعدد عمارتیں تباہ
ترکیہ اور شام میں زلزلے سے 600 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیر کی صبح ترکیہ کے مشرقی علاقے میں زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر آیا۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ترکیہ کا سرحدی شہر کرامن مراس تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 14 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ کی شدت کے اثرات لبنان، اسرائیل، قبرص، یونان اور آرمینیا میں بھی محسوس کئے گئے۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی نے ملک کے 7 صوبوں میں عمارتیں گرنے کے واقعات میں 76 افراد کی ہلاکت اور 440 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے، اس کے علاوہ عمارتوں کے ملبے میں بھی سیکڑوں افراد دبے ہوئے ، جنہیں نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
شام کی وزارت صحت کے مطابق صوبہ الیپو، لطاکیہ، حما اور ترتُس میں اب تک 237 افراد ہلاک جب کہ 639 زخمی ہیں۔
دوسری جانب متاثرہ علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے، جن میں سے ایک کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ ترکیہ میں کئی دہائیوں بعد انتہائی درجے کا تباہ کن زلزلہ ہے ۔ اس قبل ترکیہ میں 1939 میں بھی 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 30 ہزار افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، ترکیہ میں25 سال کے دوران 7 یا اس سے زیادہ شدت کے7 زلزلے آئے۔
پاکستان نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سوگوار خاندانوں کے لیے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زلزلے سے متاثرہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاگو ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، ہمیں یقین ہے کہ ترک قوم اس قدرتی آفت پر ہمت اور عزم کے ساتھ قابو پا لے گی۔