Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, April 29, 2024

ترکی اورشام میں زلزلے سے 600 سے زائد افراد جاں بحق ،متعدد عمارتیں تباہ

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے 600 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیر کی صبح ترکیہ کے مشرقی علاقے میں زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر آیا۔

امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ترکیہ کا سرحدی شہر کرامن مراس تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 14 کلومیٹر تھی۔

زلزلہ کی شدت کے اثرات لبنان، اسرائیل، قبرص، یونان اور آرمینیا میں بھی محسوس کئے گئے۔

ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی نے ملک کے 7 صوبوں میں عمارتیں گرنے کے واقعات میں 76 افراد کی ہلاکت اور 440 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے، اس کے علاوہ عمارتوں کے ملبے میں بھی سیکڑوں افراد دبے ہوئے ، جنہیں نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

شام کی وزارت صحت کے مطابق صوبہ الیپو، لطاکیہ، حما اور ترتُس میں اب تک 237 افراد ہلاک جب کہ 639 زخمی ہیں۔

دوسری جانب متاثرہ علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے، جن میں سے ایک کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ  ترکیہ میں کئی دہائیوں بعد انتہائی درجے کا تباہ کن زلزلہ ہے ۔ اس قبل  ترکیہ میں 1939 میں بھی 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 30 ہزار افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، ترکیہ میں25 سال کے دوران 7 یا اس سے زیادہ شدت کے7 زلزلے آئے۔

پاکستان نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سوگوار خاندانوں کے لیے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زلزلے سے متاثرہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاگو ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، ہمیں یقین ہے کہ ترک قوم اس قدرتی آفت پر ہمت اور عزم کے ساتھ قابو پا لے گی۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket