ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد اور ایجوکیشن ٹیم نے شہریوں کو شہر کے مختلف علاقوں میں آگاہی دی۔انہو ں نے شہریو ں کو دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کی تلقین کی تاکہ حادثات کی صورت میں جانی نقصان سے بچ سکیں۔ ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے کہا ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرنے سے حادثات میں کمی آنے سمیت ٹریفک میں خلل نہیں پڑے گا انہوں نے آگا ہی کے دوران بتا یا کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔شہری محفوظ سفر یقینی بنانے کے لئے دوران سفر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
زرعی یونیورسٹی (ڈی آئی خان) میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب کا انعقاد
زرعی یونیورسٹی ڈیر ہ اسما عیل خا ن میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2023 کی لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کے مہما ن خصو صی زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسما عیل خان کے رجسٹرار زرعی یونیورسٹی عبدالباسط خان، وائس چانسلر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خیرالزمان ،وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے اور ایچ ای سی ریجنل سنٹر پشاور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلمان نے لیپ ٹاپ تقسیم کئے ۔ کنٹرول امتحانات ڈاکٹر آفتاب عالم ڈائریکٹر فنانس جوہر زمان نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار زرعی یونیورسٹی عبدالباسط خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیا۔ایچ ای سی ریجنل سنٹر پشاور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلمان نے بھی تقریب میں شرکت کی جنہوں نے ترقی پسند اور علم پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں تعلیم کے کردار اور حکومت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری سے قوم کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا وائس چانسلر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خیرالزمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے بااختیار بنانا پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2023 کا مقصد ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا اور باصلاحیت طلباء کوجدید آلات سے آراستہ کرنا ہے جن کی انہیں ضرورت ہے۔ علمی مشاغل میں سبقت لے جانے کا یہ زبردست پروگرام ہمارے نوجوان ذہنوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں جدید دنیا کے چیلنجوں کے لئے تیار کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔تقریب کے دوران زرعی یونیورسٹی کے طلبہ نے لیپ ٹاپ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا کہا کہ یہ لیپ ٹاپ ان کے تعلیمی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے وہ علم کے وسیع ذخائر تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور تعلیم میں نئے افق تلاش کر سکیں گے۔ وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2023 کے تحت، ملک بھر کے ہونہار طلباء میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
انتخابی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز
عقیل یوسفزئی
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس کے تناظر میں جہاں حکومتی سطح پر عام انتخابات کے پرامن انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں وہاں ملک کی تمام سیاسی جماعتیں بھی متحرک ہوگئی ہیں. اگر ایک طرف تمام جماعتوں نے عوامی سرگرمیاں شروع کردی ہیں تو دوسری طرف مختلف پارٹیوں کے درمیان مجوزہ اتحادوں اور سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے بھی مشاورت اور رابطے جاری ہیں جو کہ ایک جمہوری پریکٹس ہیں. یہ بات انتہائی خوش آیند ہے کہ سیکیورٹی کے چیلنجز کے باوجود خیبر پختون خوا میں کسی بھی دوسرے صوبے کے مقابلے میں سب سے زیادہ سرگرمیاں جاری ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مختلف پارٹیوں کے اجتماعات جاری ہیں جن میں تحریک انصاف بھی شامل ہیں جس نے ہفتہ رفتہ کے دوران پختون خوا کے مختلف علاقوں میں تین چار کنونشن منعقد کئے.
دوسری جانب نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور ریاستی اداروں کی جانب سے عام انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوئی کوشش نہیں کی جارہی ہے اور سب کو درکار میدان اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی. ان کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں ملوث ایک سیاسی پارٹی کے خلاف اگر قانون کے مطابق اقدامات کئے جارہے ہیں تو یہ عین قانون کے مطابق ہیں اور اس مد میں وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی رعایت یا مداخلت ان کے بس کی بات نہیں ہے. ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے چیلنجز کو انتخابی عمل سے جوڑنا نہیں چاہتے اور اس ضمن میں تمام درکار اقدامات کئے جائیں گے.
ایبٹ آباد گلیات کی بیٹی کا اعزاز
دکھن تتریلہ سے تعلق رکھنے والے سوشل ایکٹیویسٹ و ریڈیو پاکستان ایبٹ آباد کا بڑا نام ممبر ویلج کونسل تتریلہ سردار شبیر کی بیٹی ڈاکٹر سدرہ شبیر نے سرینا ہوٹل اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان ایسوسی ایشن آف ڈرماٹولجسٹ کی 42 ویں سالانہ 3روزہ کانفرنس (17 تا 19نومبر 2023) میں “پریزنٹیشن کمپی ٹیشن” میں کراچی لاہور سمیت پورے پاکستان سے منتخب طلبہ و طالبات جو کہ ماہر امراض جلد(Fcps in dermatology) کے درمیان ہونے والے مقابلہ کا “فائنل” جیت کر نہ صرف خیبرپختونخواہ بلکہ گلیات،ایبٹ آباد اور ہزارہ کا نام بھی روشن کیا ہے۔ڈاکٹر سدرہ شبیر نے 2012 ہائیر سیکنڈری ایجوکیشن (Fsc) کے امتحان میں پری میڈیکل میں ایبٹ آباد بورڈ ٹاپ پوزیشن حاصل کی اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد سے ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کی ہے۔اس کامیابی پر ڈاکٹر سدرہ اور بالخصوص انکے والد سردار شبیر کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ پاک مزید ترقیوں سے ہمکنار کریں۔
اے آئی جی ڈاکٹر قریش خان کو کامن ویلتھ ایواڈ 2023سے نوازا گیا
کینیا کے شہر نیروبی میں 27 نومبر کوایک پر وقار تقریب میں ان کو پولسنگ میں جدت پسندی کے فروغ پر مبنی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ دیا گیا۔ ان کی شہرہ آفاق کتاب پولیس ٹکنوفوبیا، اپنی مدد آپ کے تحت انسٹیٹیوٹ آف فرانزک سائنس پشاورکا قیام ، پاکستان کے سابقہ قبائلی علاقہ جات میں اولین خواتین پولیس مرکز کے قیام اور وہاں پر جنڈر رسپانسیو پولیسنگ کے اجراء کو بین الاقوامی طور پر پذیرائی ملی اور یوں اپ کو اس ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ اس سال کامن ویلتھ ایوارڈ کے لیے پوری دنیا سے 15 افراد کا انتخاب کیا گیا جس میں ڈاکٹر قریش خان کا نام بھی شامل ہے۔ یاد رہےکہ ڈاکٹر قریش خان کامن ویلتھ ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے پولیس آفیسر ہے۔ آئی جی پولیس خیبرپختونخواہ اختر حیات خان نے ڈاکٹر قریش خان کو اس عظیم بین الاقوامی ایوارڈ کے حصول پر مبارکباد دی۔
ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری، پنجاب میں اسموگ اور دھند متوقع
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں آج موسم سرد جب کہ پنجاب میں صبح کے وقت اسموگ اور دھند متوقع ہے۔دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم سرد اور مطلع جز وی ابر آلود رہے گا، گزشتہ روز اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع ابر آلود رہے گا جب کہ کوہستان، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے کہا کہ صوبے کے اکثر علاقوں میں صبح اور شام کے وقت شدید دھند ہوسکتی ہے۔گزشتہ روز اسکردو میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ، کالام میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ، دیر1، مالم جبہ 3، پاراچنار 4 اور پشاور میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ایبٹ آباد بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے نیشنل بینک آف پاکستان ٹی 20 ٹرافی 2023 کا 14 واں ایڈیشن جیت لیا
ایبٹ آباد بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے نیشنل بینک آف پاکستان ٹی 20 ٹرافی 2023 کا 14 واں ایڈیشن جیت لیا ایبٹ آباد بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے کراچی بلائنڈ کرکٹ کو شکست دے کر فاتح بن گئی میچ کا فائنل بوہرانوالی کرکٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں کھیلا گیا۔ فیصل آباد ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر کراچی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔کراچی نے مقررہ 20 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 231 رنز بنائے۔ کراچی کی جانب سے طاہر علی ٹاپ سکوررہے ۔ انہوں نے 74 گیندوں پر 120اور ایوب خان نے 52 گیندوں پر 93رنز بنائے جواب میں ایبٹ آباد کے اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کراچی کے باؤلرز کو کوئی موقع نہیں دیا۔ بلے کے ساتھ ریاست خان کی غیر معمولی فارم جاری۔ وہ 62 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ نعیم اللہ نے 53 گیندوں پر 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ایبٹ آباد نے 232 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔ ایبٹ آباد 10 وکٹوں سے جیت گیا مین آف دی میچ دیا گیا ریاست خان حماد رسول ریجنل ایگزیکٹو بزنس اور نائب صدر این بی پی فیصل آباد سید سلطان شاہ، چیئرمین پی بی سی سی اور صدر ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ، ڈاکٹر غلام مصطفیٰ ہیڈ آف آئی آر ڈیپارٹمنٹ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد مظفر حسین سالک اسسٹنٹ پروفیسر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد جناب سلمان طارق بخاری، ڈائریکٹر مارکیٹنگ پی بی سی سی، انور علی سیال، ڈائریکٹر فنانس پی بی سی سی اور جناب محمد بلال ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز اس موقع پر مہمان خصوصی تھے اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے
خیبرپختونخوا زکام،بخار وبائی شکل اختیار کرگیا 3لاکھ سے زائد مریض رپورٹ
پشاور ماہرین صحت نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں زکام،بخاروبائی شکل اختیار کرگیا ہے۔صوبے میں 3لاکھ 25ہزار 289مریض سامنے آئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں زکام، بخار،سینے اور سانس کی شدید تکلیف کے کیسز بڑھنے پر ماہرین صحت نے وارننگ جاری کر دی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق رواں سال انفلوئنزا، بخار، سینے اور سانس کے 3لاکھ 2289کیس سامنے آئے ہیں۔ یہ وائرس ہر عمر اور علاقے کے لوگوں کو نشانہ بنارہا ہے ۔ نومبر کے ابتدائی چند ایام میں وائرس سے متاثرہ 13ہزار 308کیس سامنےآئے ہیں۔ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صوبے میں درجہ حرارت میں مزید کمی سے یہ وائرس وبائی صورتحال اختیار کر سکتا ہے ، صوبہ بھر کے ہسپتالوں کو مریضوں میں اضافے کے لیے تیار رہنے اور ہنگامی ادویات تیاررکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زکام چند دن میں سینے کی شدید تکلیف اور سانس کی بندش کی شکل اختیار کر سکتا ہے اس لئے زکام سے متاثرافراد گھر میں زیادہ وقت گزاریں اور شہری ہر چند گھنٹے بعد ہاتھ صابن سے دھوئیں اور بیمار افراد سے دور رہیں۔
حج 2024 کیلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہو گیا
حج 2024 کیلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز 27 نومبر سے ہو گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی 12 دسمبر تک جاری رہے گی۔ وزارت مذہبی امور کے اعلامیہ کے مطابق آئندہ برس تقریباً 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ مقررہ تعداد سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔
مزید برآں خواتین پہلی بار محرم کے بغیر حج ادا کرسکیں گی۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر 2024 تک کارآمد پاکستانی پاسپورٹ پر درخواستیں جمع کروائی جاسکیں گی جبکہ پاسپورٹ اپلائی کرنے کے ٹوکن پر بھی حج درخواست پراسیس ہو سکے گی۔جاری اعلامیہ کے مطابق سپانسرشپ سکیم کے تحت 25 ہزار نشستیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر جمع ہونگیں۔ جبکہ ریگولر حج سکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں پر قرعہ اندازی کی جائے گی۔