زوال و عروج کا نیا سفر
تمام تر اندرونی اور بیرونی سازشوں ، لابنگ ، پروپیگنڈے اور تصادم پر مبنی کوششوں کے باوجود سال 2024 کے دوران پاکستان زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں اڑان بھر کر آگے بڑھتا دکھائی دیا اور شاید اسی کا نتیجہ ہے کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران نہ صرف یہ ریکارڈ تعداد میں غیر ملکی سربراہان اور وفود نے پاکستان کے دورے کیے بلکہ حال ہی میں ورلڈ بینک ، آئی ایم ایف اور متعدد دیگر عالمی اداروں نے پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کی جانب تیزی سے گامزن ملک قرار دے دیا ہے ۔
15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والی شنگھائی تعاون کانفرنس میں روس اور چین کے وزراء اعظم سمیت 7 وزرائے خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت نے پاکستان کی اہمیت اور خارجہ تعلقات سے متعلق بہت سے حلقوں کی خواہشات پر پانی پھیرتے ہوئے بہت سے تجزیے اور پروپیگنڈے غلط ثابت کردیے ہیں ۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی ” پازیٹیو انٹری اور ریمارکس” نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے ساتھ دوسروں کے علاوہ چین اور روس کے وزرائے اعظم کی خصوصی ملاقاتوں نے ان ” عناصر ” کو سکتے کی حالت سے دوچار کیا جو کہ پاک فوج کے اندر بغاوت کے خواب دیکھ کر لوگوں کو گمراہ کرتے رہے ۔
دوسری جانب پاکستان کی مین سٹریم سیاسی جماعتوں کے قائدین کے درمیان جو رابطہ کاری اور ہم آہنگی پیدا ہوگئی ہے وہ بھی شرپسندی اور فتنہ گردی پر عمل پیرا قوتوں خصوصاً 9 مئی کے واقعات کی ذمہ دار ایک سیاسی پارٹی کے لیے نیک شگون ثابت نہیں ہورہی ہے ۔ اپر سے جیل میں قید ایک ” مقبول لیڈر” کے ساتھ تمام تر لابنگ کے باوجود اس کے سابق سسرالیوں یعنی انگلینڈ نے اکسفورڈ یونیورسٹی کی چانسلر شپ کے معاملے پر جو ” سلوک ” کیا وہ بھی ڈپریشن بڑھنے کی ایک بڑی وجہ بنی کیونکہ موصوف کا بطور امیدوار نام بھی جاری کردہ لسٹ میں شامل نہیں ہے ۔ اس پر ستم یہ کہ ان کی اپنی پارٹی کو بعض ایشوز پر بدترین نوعیت کے اختلافات کا سامنا ہے اور مرکزی قائدین اب کھلے عام مین سٹریم میڈیا پر ایک دوسرے پر الزامات لگانے لگے ہیں ۔ خیبر پختونخوا کی حکومت کا ” مورچہ ” بھی اب پہلے کی طرح متحرک دکھائی نہیں دیتا اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پولیٹیکل کمیٹی میں یہ کہہ کر مزید ” قربانی ” دینے سے معذرت کرلی ہے کہ بانی چیئرمین کی رہائی کا ” ٹھیکہ” صرف ان کی حکومت اور پارٹی نے نہیں لے رکھا ہے ۔
اس تمام تر صورتحال کا خلاصہ یہ بنتا ہے کہ تمام معاملات پر ریاست اور اس کے سنجیدہ سیاست دانوں کی گرفت مضبوط ہوگئی ہے جبکہ شر پسندی اور فتنہ گردی کی حامل قوتیں بوجوہ دن بدن نہ صرف کمزور ہوتی جارہی ہیں بلکہ یہ بہت جلد ایک دوسرے پر ہی حملہ آور ہوتی دکھائی دیں گی ۔
دیر بالا: شہید فوجی جوان مہران کی نماز جنازہ ادا کردی
سیاہ چین میں شہید فوجی جوان مہران کی نماز جنازہ ادا کردی گئ نماز جنازہ میں پاک فوج کے آفیسرز ،ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او سمیت سول سوسائیٹی کی افراد نے شرکت کی فوجی جوان مہران خان گزشتہ روز سیاہ چین میں شہید ہوئے تھے مہران خان کو فوجی اعزاز کے ساتھ انکے ابائی گاوں دیر خاص میں سپر خاک کیا گیا۔۔۔
مردان: 11 رکنی ملائشین وفد کی تخت بھائی آثار قدیمہ آمد
مردان کے عالمی سطح پر مشہور تخت بھائی کے آثار قدیمہ کا 11 رکنی ملائشین وفد نے دورہ کیا، جس کے دوران ضلعی پولیس نے ڈی پی او ظہور بابر آفریدی کی خصوصی ہدایات پر سخت اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے۔ تخت بھائی کا مقام تاریخی اور ثقافتی ورثے کے طور پر یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل ہے، جہاں ملکی اور غیرملکی سیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ اس اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، وفد کی آمد پر ڈی ایس پی تخت بھائی سرکل، شکیل خان نے سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی اور فول پروف حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا۔ داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور تمام افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ ملائشین وفد نے ضلعی پولیس کے سیکیورٹی اقدامات کو بھرپور سراہا اور کہا کہ انہوں نے اپنے دورے کے دوران مکمل تحفظ اور خوشگوار ماحول محسوس کیا۔ وفد نے تخت بھائی کے تاریخی مقام کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے اس دورے کو یادگار قرار دیا۔ ضلعی پولیس ترجمان نے کہا کہ مردان پولیس آئندہ بھی غیرملکی سیاحوں اور مقامی زائرین کی سیکیورٹی کو اولین ترجیح دے گی تاکہ تاریخی مقامات پر سیاحت کو فروغ مل سکے۔
ضلع خیبر میں ہنڈریڈ لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر
جمرود سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ اس اہم ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و آمور نوجوانان سید فخر جہان، معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات سہیل افریدی،ڈیڈک چئیر مین و ایم پی اے عبد الغنی افریدی،ایم این اے اقبال آفریدی کے علاؤہ ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ریٹائرڈ) ثنااللہ، ڈائریکٹر کھیل ضم اضلاع رضیع اللہ بیٹنی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خیبر راہد گل ملاگوری،لیگ کے برینڈ ایمبیسیڈر کبیر آفریدی کے علاؤہ علاقے کے عمائدین ومشران سمیت شائقین موقع پر موجود تھے۔ ہنڈریڈ لیگ 2024 کرکٹ ٹورنامنٹ کے اس اہم ایونٹ کے اختتام پر مشیر کھیل نے ونر ٹیم اور رنر آپ ٹیم کو کیش انعام اور ٹرافیز دیں۔۔اس موقع پر مشیر کھیل نے کہا کہ خیبر کے علاقے میں بے پنا قدرتی ٹیلینٹ موجود ہے جس کو نکھارنے کیلئے یہاں پر سپورٹس سہولیات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں کھیلوں کی ترقی اور ترویج پر توجہ دی جارہی ہے اور جہاں پر سپورٹس سہولیات کی ضرورت ہوگی وہاں پر حکومت درکار سہولیات کو فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلعے کی سطح پر ہر کھیل کےکھلاڑیوں کو سپورٹ کر رہے ہیں تاکہ صوبے میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے۔مشیر کھیل نے مزید کہا کہ پارٹی چیرمین عمران خود ایک کھلاڑی ہے اور انکا ویژن ہے کہ معاشرے میں کھیلوں کو فروغ دیا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے سہولیات کو ہر ضلع میں فراہمی کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔